بدکاروں کی روحیں دھتکاری جاتی ہیں
کافروں کے نہ تو نیک اعمال اللہ کی طرف چڑھیں ، نہ ان کی دعائیں قبول ہوں ، نہ ان کی روحوں کے لیے آسمان کے دروازے کھلیں ۔ چنانچہ حدیث میں ہے کہ جب بدکاروں کی روحیں قبض کی جاتی ہیں اور فرشتے انہیں لے کر آسمانوں کی طرف چڑھتے ہیں تو فرشتوں کی جس جماعت کے پاس سے گزرتے ہیں ، وہ کہتے ہیں: یہ خبیث روح کس کی ہے ؟ یہ اس کا بد سے بد نام لے کر بتاتے ہیں کہ فلاں کی ۔ یہاں تک کہ یہ اسے آسمان کے دروازے تک پہنچاتے ہیں لیکن ان کے لیے دروازہ کھولا نہیں جاتا ۔
{ پھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے آیت «لَا تُفَتَّحُ لَہُمْ أَبْوَابُ السَّمَاءِ وَلَا یَدْخُلُونَ الْجَنَّۃَ حَتَّیٰ یَلِجَ الْجَمَلُ فِی سَمِّ الْخِیَاطِ» پڑھی ۔ } یہ بہت لمبی حدیث ہے جو سنن میں موجود ہے ۔ ۱؎ (تفسیر ابن جریر الطبری:14620:صحیح) مسند احمد میں یہ حدیث پوری یوں ہے: سیدنا براء بن عازب رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: ایک انصاری کے جنازے میں ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھے ۔ جب قبرستان پہنچے تو قبر تیار ہونے میں کچھ دیر تھی ۔ سب بیٹھ گئے ، ہم اس طرح خاموش اور باادب تھے کہ گویا ہمارے سروں پر پرند ہیں ۔ آپ کے ہاتھ میں ایک تنکا تھا جسے آپ زمین پر پھرا رہے تھے ۔ تھوڑی دیر میں آپ نے سر اٹھا کر دو بار یا تین بار ہم سے فرمایا کہ عذاب قبر سے اللہ تعالیٰ کی پناہ طلب کرو ۔ پھر فرمایا: مومن جب دنیا کی آخری اور آخرت کی پہلی گھڑی میں ہوتا ہے ، اس کے پاس آسمان سے نورانی چہروں والے فرشتے آتے ہیں گویا کہ ان کا منہ آفتاب ہے ، ان کے ساتھ جنت کا کفن اور جنت کی خوشبو ہوتی ہے ۔ وہ آ کر مرنے والے مومن کے پاس بیٹھ جاتے ہیں جہاں تک اس کی نگاہ کام کرتی ہے ، فرشتے ہی فرشتے نظر آتے ہیں پھر ملک الموت آ کر اس کے سرہانے بیٹھ جاتے ہیں اور فرماتے ہیں: اے اطمینان والی روح ! اللہ کی مغفرت اور رضا مندی کی طرف چل ۔ یہ سنتے ہی وہ روح اس طرح بدن سے نکل جاتی ہے جیسے مشک کے منہ سے پانی کا قطرہ ٹپک جائے ۔ اسی وقت ایک پلک جھپکنے کے برابر کی دیر میں وہ جنتی فرشتے اس پاک روح کو اپنے ہاتھوں میں لے لیتے ہیں اور جنتی کفن اور جنتی خوشبو میں رکھ لیتے ہیں ، اس میں ایسی عمدہ اور بہترین خوشبو نکلتی ہے کہ کبھی دنیا والوں نے نہ سونگھی ہو ۔ اب یہ اسے لے کر آسمانوں کی طرف چڑھتے ہیں ۔ فرشتوں کی جو جماعت انہیں ملتی ہے ، وہ پوچھتی ہے کہ یہ پاک روح کس کی ہے ؟ یہ اس کا بہتر سے بہتر جو نام دنیا میں مشہور تھا ، وہ لے کر کہتے ہیں: فلاں کی ۔ یہاں تک کہ آسمان دنیا تک پہنچ جاتے ہیں ۔ دروازہ کھلوا کر اوپر چڑھ جاتے ہیں ۔ یہاں سے اس کے ساتھ اسے دوسرے آسمان تک پہنچانے کے لیے فرشتوں کی اور بڑی جماعت ہو جاتی ہے ، اس طرح ساتویں آسمان تک پہنچتے ہیں ۔ اللہ عزوجل فرماتا ہے: اس میرے بندے کی کتاب علیین میں رکھ دو اور اسے زمین کی طرف لوٹا دو ۔ میں نے انہیں اسی سے پیدا کیا ہے اسی میں لوٹاؤں گا اور اسی سے دوبارہ نکالوں گا ۔
{ پھر آپ نے یہ آیت تلاوت فرمائی: «وَمَن یُشْرِکْ بِ اللہِ فَکَأَنَّمَا خَرَّ مِنَ السَّمَاءِ فَتَخْطَفُہُ الطَّیْرُ أَوْ تَہْوِی بِہِ الرِّیحُ فِی مَکَانٍ سَحِیقٍ» ۱؎ (22-الحج:31) یعنی ' جس نے اللہ کے ساتھ شریک کیا گویا وہ آسمان سے گر پڑا پس اسے یا تو پرند چرند اچک لے جائیں گے یا ہوائیں کسی دور دراز کی ڈراؤنی ویران جگہ پر پھینک دیں گی ۔ ' اب اس کی روح اس کے جسم میں لوٹائی جاتی ہے ۔ اور اس کے پاس دو فرشتے پہنچتے ہیں ۔ اسے اٹھا کر بٹھاتے ہیں اور پوچھتے ہیں: تیرا رب کون ہے ؟ یہ کہتا ہے: ہائے ہائے ! مجھے خبر نہیں ۔ پوچھتے ہیں: تیرا دین کیا ہے ؟ جواب دیتا ہے: افسوس ! مجھے اس کی بھی خبر نہیں ۔ پوچھتے ہیں: بتا اس شخص کی بابت تو کیا کہتا ہے جو تم میں بھیجے گئے تھے ؟ یہ کہتا ہے: آہ ! میں اس کا جواب بھی نہیں جانتا ۔ اسی وقت آسمان سے ندا ہوتی ہے کہ میرے غلام نے غلط کہا ۔ اس کے لئے جہنم کی آگ بچھا دو اور جہنم کا دروازہ اس کی قبر کی طرف کھول دو ۔ وہاں سے گرمی اور آگ کے جھونکے آنے لگتے ہیں ، اس کی قبر تنگ ہو جاتی ہے ۔ یہاں تک کہ ادھر کی پسلیاں ادھر اور ادھر کی ادھر ہو جاتی ہیں ۔ اس کے پاس ایک شخص نہایت مکروہ اور ڈراؤنی صورت والا ، برے کپڑے پہنے ، بری بدبو والا آتا ہے اور اس سے کہتا ہے کہ اب اپنی برائیوں کا مزہ چکھ ، اسی دن کا تجھ سے وعدہ کیا جاتا تھا ۔ یہ پوچھتا ہے: تو کون ہے ؟ تیرے تو چہرے سے وحشت اور برائی ٹپک رہی ہے ؟ یہ جواب دیتا ہے: میں تیرا خبیث عمل ہوں ۔ یہ کہتا ہے: یااللہ ! قیامت قائم نہ ہو ۔ } ۱؎ (مسند احمد:287/4-288:صحیح) اسی روایت کی دوسری سند میں ہے کہ { مومن کی روح کو دیکھ کر آسمان و زمین کے تمام فرشتے دعائے مغفرت و رحمت کرتے ہیں ۔ اس کے لئے آسمانوں کے دروازے کھل جاتے ہیں اور ہر دورازے کے فرشتوں کی تمنا ہوتی ہے کہ اللہ کرے ، یہ روح ہماری طرف سے آسمان پر چڑھے ۔ } اس میں یہ بھی ہے کہ { کافر کی قبر میں اندھا ، بہرا ، گونگا فرشتہ مقرر ہو جاتا ہے جس کے ہاتھ میں ایک گرز ہوتا ہے کہ اگر اسے کسی بڑے پہاڑ پر مارا جائے تو وہ مٹی ہو جائے ۔ پھر اسے جیسا وہ تھا ، اللہ تعالیٰ کر دیتا ہے ۔ فرشتہ دوبارہ اسے گرز مارتا ہے جس سے یہ چیخنے چلانے لگتا ہے جسے انسان اور جنات کے سوا تمام مخلوق سنتی ہے ۔ } ۱؎ (مسند احمد:295/4-296:صحیح) ابن جریر میں ہے کہ نیک صالح شخص سے فرشتے کہتے ہیں: اے مطمئن نفس ! جو طیب جسم میں تھا ، تو تعریفوں والا بن کر نکل اور جنت کی خوشبو اور نسیم جنت کی طرف چل ۔ اس اللہ کے پاس چل جو تجھ پر غصے نہیں ہے ۔
{ فرماتے ہیں کہ جب اس روح کو لے کر آسمانوں کی طرف چڑھتے ہیں ، دروازہ کھلواتے ہیں تو پوچھا جاتا ہے کہ یہ کون ہے ؟ یہ اس کا نام بتاتے ہیں تو وہ اسے مرحبا کہہ کر وہی کہتے ہیں ۔ یہاں تک کہ یہ اس آسمان میں پہنچتے ہیں جہاں اللہ ہے ۔ } اس میں یہ بھی ہے کہ { برے شخص سے وہ کہتے ہیں: اے خبیث نفس ! جو خبیث جسم میں تھا ، تو برا بن کر نکل اور تیز کھولتے ہوئے پانی اور لہو پیپ اور اسی قسم کے مختلف عذابوں کی طرف چل ۔ اس کے نکلنے تک فرشتے یہی سناتے رہتے ہیں ۔ پھر اسے لے کر آسمانوں کی طرف چڑھتے ہیں ۔ پوچھا جاتا ہے کہ یہ کون ہے ؟ یہ اس کا نام بتاتے ہیں تو آسمان کے فرشتے کہتے ہیں ، اس خبیث کو مرحبا نہ کہو ۔ یہ تھی بھی خبیث جسم میں ، تو بد بن کر لوٹ جا ۔ اس کے لیے آسمان کے دروازے نہیں کھلتے اور آسمان و زمین کے درمیان چھوڑ دی جاتی ہے ۔ پھر قبر کی طرف لوٹ آتی ہے ۔ } ۱؎ (سنن ابن ماجہ:4262 ، قال الشیخ الألبانی:صحیح) امام ابن جریر نے لکھا ہے کہ نہ ان کے اعمال چڑھیں ، نہ ان کی روحیں ۔ اس سے دونوں قول مل جاتے ہیں ۔ «وَاللہُ اَعْلَمُ» ۔ اس کے بعد کے جملے میں جمہور کی قرأت تو «جمل» ہے جس کے معنی نر اونٹ کے ہیں لیکن ایک قرأت میں «جمل» ہے اس کے معنی بڑے پہاڑ کے ہیں ۔ مطلب یہ ہر دو صورت ایک ہی ہے کہ نہ اونٹ سوئی کے ناکے سے گزر سکے ، نہ پہاڑ ۔ اسی طرح کافر جنت میں نہیں جا سکتا ۔ ان کا اوڑھنا بچھونا آگ ہے ۔ ظالموں کی یہی سزا ہے ۔