{وَأَطِيعُوا اللَّـهَ وَرَسُولَهُ } " اور اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو۔'' ان دونوں کے احکام کی اپنے تمام احوال میں پیروی کرکے اور اس کے پیچھے چل کر {وَلَا تَنَازَعُوا } " اور آپس میں نہ جھگڑنا۔'' یعنی اس طرح نہ جھگڑو جس سے تمہارے دل تشتت اور افتراق کا شکار ہوجائیں۔ { فَتَفْشَلُوا } " پس تم بزدل ہوجاؤ گے" {وَتَذْهَبَ رِيحُكُمْ } " اور تمہاری ہوا اکھڑ جائے" یعنی عزائم کمزورہو جائیں گے' تمہاری طاقت بکھر جائے گی اور تم سے فتح و نصرت کا وہ وعدہ اٹھا لیا جائے گا جو اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کی اطاعت سے مشروط ہے۔ {وَاصْبِرُوا } " اور صبر سے کام لو۔'' یعنی اپنے آپ کو اللہ تعالیٰ کی اطاعت پر ثابت قدم رکھو {إِنَّ اللَّـهَ مَعَ الصَّابِرِينَ } " بے شک اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔'' یعنی اللہ تعالیٰ اپنی مدد، فتح و نصرت اور تائید کے ذریعے سے صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔ اس لئے اس سے ڈرو اور اس کے سامنے عاجزی اختیار کرو۔