اللہ تبارک و تعالیٰ اپنے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے فرماتا ہے: {يَا أَيُّهَا النَّبِيُّ جَاهِدِ الْكُفَّارَ وَالْمُنَافِقِينَ} " اے پیغمبر ! کافروں اور منافقوں سے جہاد کریں" بھرپور جہاد {وَاغْلُظْ عَلَيْهِمْ} " اور ان پر سختی کریں۔" جہاں حالات سختی کا تقاضا کریں وہاں سختی کیجیے۔ اس جہاد میں تلوار کا جہاد اور حجت و دلیل کا جہاد سب شامل ہیں۔ پس جو جنگ کرتا ہے اس کے خلاف ہاتھ، زبان اور شمشیر و سناں کے ذریعے سے جہاد کیا جائے اور جو کوئی ذمی بن کر یا معاہدہ کے ذریعے سے اسلام کی بالا دستی قبول کرتا ہے، تو اس کے خلاف دلیل و برہان کے ذریعے سے جہاد کیا جائے۔ اس کے سامنے اسلام کے محسن اور کفر و شرک کی برائیاں واضح کی جائیں۔ پس یہ تو وہ رویہ ہے جو دنیا میں ان کے ساتھ ہونا چاہئے۔ {وَ} اور آخرت میں، تو {وَمَأْوَاهُمْ جَهَنَّمُ ۖ} " اور ان کا ٹھکانا جہنم ہے" یعنی ان کی جائے قرار جہاں سے وہ کبھی نہیں نکلیں گے۔ {وَبِئْسَ الْمَصِيرُ} " اور وہ بہت ہی برا ٹھکانا ہے۔ "