اللہ تبارک وتعالی ٰنے قرآن کی فضیلت اور اس کی بلند قدرومنزلت بیان کرتے ہوئے فرمایا: {اِنَّآ اَنْزَلْنٰہُ فِیْ لَیْلَۃِ الْقَدْرِ} " بے شک ہم نے اسے شب قدر میں نازل کیا۔" جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: { إِنَّا أَنزَلْنَاهُ فِي لَيْلَةٍ مُّبَارَكَةٍ} ( الدخان:44؍3) "بے شک ہم نے اسے بابرکت رات میں اتارا ہے۔" اس کاشب قدر میں نازل کرنایہ ہے کہ اللہ نے قرآن کے نازل کرنے کی ابتدا ، رمضان المبارک میں اور شب قدر میں کی۔ شب قدر کے ذریعے سے اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں پر عام رحمت فرمائی ، بندے جس کاشکر ادا نہیں کرسکتے۔ اس کی عظیم قدرومنزلت اور اللہ تعالیٰ کے ہاں اس کی فضیلت کی بنا پر اس کو {لَيْلَةُ الْقَدْرِ } کے نام سے موسوم کیا گیا ، نیز اس لیے بھی اس کو {لَيْلَةُالْقَدْرِ } کہا گیا کہ سال بھر میں جو کچھ واقع ہوتا ہے، یعنی عمر، رزق، دیگر تقدیر وغیرہ اس میں مقدر کردی جاتی ہیں۔