جواب:اس کے لیے یہ جائز ہے کہ وہ اس عمرے میں اپنے لیے اپنے باپ کے لیے اور جن مسلمانوں کے لیے چاہے دعا کر سکتا ہے کیونکہ مقصود تو یہ ہے کہ وہ اسی آدمی کی طرف سے اعمال عمرہ ادا کرے جس کا اس نے ارادہ کیا ہے۔ دعا کرنا عمرے کا رکن یا شرط نہیں ہے، لہٰذا اس کے لیے جائز ہے کہ وہ اپنے لیے جس کی طرف سے عمرہ ادا کر رہا ہو اس کے لیے اور دیگر تمام مسلمانوں کے لیے دعا کرے۔
سوال ۴۵۶: حج یا عمرے میں کسی کو نائب بنانے کے بارے میں کیا حکم ہے؟
{وَ لِلّٰہِ عَلَی النَّاسِ حِجُّ الْبَیْتِ مَنِ اسْتَطَاعَ اِلَیْہِ سَبِیْلًا} (آل عمران: ۹۷)
''اور لوگوں پر اللہ کا حق (یعنی فرض) ہے کہ جو اس گھر تک جانے کی استطاعت رکھے وہ اس کا حج کرے۔''
عبادات میں مقصود یہ ہے کہ انسان انہیں بذات خود ادا کرے تاکہ وہ اللہ تعالیٰ کے سامنے عجز و انکساری کا اظہار کر سکے اور جو شخص کسی دوسرے کو وکیل مقرر کرتا ہے تو وہ اس عظیم مقصد کو حاصل نہیں کر سکتا جس کے لیے عبادات کو مقرر کیا گیا ہے۔
جس موکل نے فرض حج و عمرہ ادا کر لیا ہو اور اب وہ حج یا عمرے کے لیے کسی کو اپنا وکیل مقرر کرنا چاہے، تو اس کے بارے میں اہل علم میں اختلاف ہے۔ بعض نے اسے جائز قرار دیا ہے اور بعض نے ناجائز۔ میرے نزدیک صحیح بات یہ ہے کہ ایسا کرنا ناجائز ہے۔ کسی کے لیے یہ جائز نہیں کہ وہ حج یا عمرے کے لیے کسی کو اپنا وکیل مقرر کرے جبکہ حج و عمرہ نفل ہو کیونکہ عبادات میں اصل یہ ہے کہ انسان انہیں خود ادا کرے جیسے کوئی انسان کسی کو اس لئے وکیل مقرر نہیں کر سکتا کہ وہ اس کی طرف سے روزہ رکھے، البتہ اگر وہ فوت ہو جائے اور اس کے ذمے فرض روزے ہوں تو ان فرض روزوں کو اس کی طرف سے اس کا ولی رکھے گا۔ اسی طرح حج بھی ایک بدنی عبادت ہے جسے انسان کو بذات خود ادا کرنا ہوتا ہے۔ یہ محض مالی عبادت نہیں ہے کہ اس سے مقصود دوسرے کو نفع پہنچانا ہو۔ اگر کوئی بدنی عبادت ہو جسے آدمی اپنے بدن کے ذریعہ سر انجام دیتا ہو تو کسی دوسرے کی طرف سے وہ عبادت کرنا صحیح نہیں الایہ کہ جس کے بارے میں سنت سے ثابت ہو اور حج نفل کے بارے میں سنت سے یہ ثابت نہیں کہ اسے کسی دوسرے انسان کی طرف سے ادا کیا جا سکتا ہے۔ امام احمد رحمہ اللہ سے ایک روایت یہی ہے کہ انسان کے لیے یہ صحیح نہیں کہ وہ نفل حج یا عمرے میں کسی اور کو اپنا وکیل مقرر کرے، خواہ وہ خود قادر ہو یا نہ ہو۔ اس قول کو اختیار کرنے کا ایک فائدہ یہ ہوگا کہ دولت مند اور خود حج ادا کر سکنے والے لوگ اپنے حج خود ادا کریں گے۔