ان ڈور اور آوٹ ڈور گیمز جن میں وقت کا بے جا اسراف ہے؛مثلًا: رات گئے تک ٹیبل ٹینس، ٹینس، کرکٹ، کبڈی، ہاکی اور دیگر میچ کھیلنا ۔ ہر ایک کام کو اس کی حدود میں کیا جائے توبہتر ہے۔
جو لوگ نماز پڑھتے ہیں اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ وہ نماز کو اس کا مناسب وقت نہیں دیتے ۔ اور نہ ہی اس کے ارکان کو صحیح طریقہ سے ادا کرتے ہیں ۔رکوع اور سجدہ پوری طرح ادا نہیں کرتے ۔ اور نہ ہی پوری توجہ اور خشوع و خضوع کے ساتھ نماز ادا کرتے ہیں ۔ ایسے لوگوں کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ جہاں باجماعت نماز ادا کرنے کا اجروثواب ستائیس درجہ بڑھ کر ہے ، وہیں پر بے توجہی اور لاپرواہی سے پڑھی ہوئی نمازیں نمازی کے منہ پر موڑ کر مار دی جاتی ہیں ، اور وہ نمازیں بددعائیں کرتی ہیں ، اور کہتی ہیں:
''اے نمازی ! اللہ تعالیٰ تجھے ایسے تباہ و برباد کردے جیسے تونے مجھے تباہ و برباد کردیا ۔''
ایسے ہی لوگوں کے بارے میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
{فَوَیْلٌ لِّلْمُصَلِّینَo الَّذِیْنَ ہُمْ عَنْ صَلَاتِہِمْ سَاہُوْنَo الَّذِیْنَ ہُمْ یُرَآئُ وْنَ} (الماعون:۴۔۶)
'' پس ان نمازیوں کے لیے بڑی ہلاکت ہے ۔وہ جو اپنی نما زسے غافل ہیں ۔ وہ جو دکھاوا کرتے ہیں ۔''
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
'' اس انسان کی نماز قبول نہیں ہوتی جو غفلت میں اور بے پرواہی کے ساتھ نماز پڑھتا ہے ۔''