شیطان اپنے پورے لشکر کے ساتھ روز ازل سے لگا ہوا ہے تاکہ وہ اولاد آدم کواپنے جیسا بنا لے ۔ اس غرض سے اس کی پٹرولنگ پارٹیاں ہر کونے ، ہر محلے ، ہر جگہ اور ملک میں پھیلی ہوئی ہیں ۔ ان ہی نت نئے پھندوں میں سے ایک نٹ کلب ہے۔
کتنے ہی نوجوان ایسے ہیں جو صبح سے شام تک سارا وقت انٹر نٹ پر ہی گزاردیتے ہیں ۔ اکثر کا انٹرنٹ استعمال کرنے کا مقصد گندی تصاویر، گندی فلم،بے حیائی کے پروگرام ، عریانی اور فحاشی دیکھنا ، چیٹنگ کے ذریعہ لڑکیوں اور لڑکوں کودھوکا دینا، بذریعہ نٹ لوگوں کا مال چرانا اور انہیں تنگ کرنا اور اس طرح کے دیگر پروگرام ہوتے ہیں ؛ جن کا فائدہ کچھ بھی نہیں ، سراسر نقصان ہی نقصان ہے ۔
انسان کاہر عضواللہ تعالیٰ کے ہاں جوابدہ ہے ، اور آپ ان اعضاء کے امین ہیں ۔یہ اچھی طرح سوچ لیں کہ اس وقت کیا جواب دیں گے ، جب اپنا ہی جسم بھی ساتھ چھوڑ دیگا ۔ اور جسم کا ہر حصہ انسانی کردار اور افعال پر گواہ بن جائے گا ۔
اس لیے ہم اپنے بھائیوں کو بالخصوص وہ جنہیں علم ہے کہ وہ خود پر ضبط نہیں رکھ سکتے ، منع کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان کے حق میں ان کلبوں میں جانا حرام ہے ۔کیونکہ اس سے حرام کام میں واقع ہونے کا خدشہ ہے ۔ اور شریعت کا اصول ہے:
(( مَا لَا یَتِمُّ الْوَاجِبُ إِلاَّ بِہٖ فَہُوَ وَاجِبٌ۔ ) )
'' جس چیز کے بغیر واجب پورا نہ ہو سکتا ہو اس کا کرنا واجب ہوجاتا ہے ۔''
شب وروز اور ماہ وسال کے طویل اوقات میں ملنے والی فراغت اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے ، مگر ہم اس کے قدر دان نہیں ۔ سچ فرمایارسول صلی اللہ علیہ وسلم نے:
'' لوگوں میں دو نعمتیں ایسی ہیں جن کی قدر نہیں ، صحت اور فراغت ۔'' (صحیح / ابن ماجہ)