فهرس الكتاب

الصفحة 2274 من 6343

دعا قبول ہوئی

حضرت زکریا علیہ السلام کی دعا قبول ہوتی ہے اور فرمایا جاتا ہے کہ ' آپ علیہ السلام ایک بچے کی خوشخبری سن لیں جس کا نام یحییٰ ہے ' ۔ جیسے اور آیت میں ہے «ہُنَالِکَ دَعَا زَکَرِیَّا رَبَّہُ قَالَ رَبِّ ہَبْ لِی مِن لَّدُنکَ ذُرِّیَّۃً طَیِّبَۃً إِنَّکَ سَمِیعُ الدٰعَاءِ فَنَادَتْہُ الْمَلَائِکَۃُ وَہُوَ قَائِمٌ یُصَلِّی فِی الْمِحْرَابِ أَنَّ اللہَ یُبَشِّرُکَ بِیَحْیَیٰ مُصَدِّقًا بِکَلِمَۃٍ مِّنَ اللہِ وَسَیِّدًا وَحَصُورًا وَنَبِیًّا مِّنَ الصَّالِحِینَ» (3-آل عمران:38-39) ' زکریا علیہ السلام نے اپنے رب سے دعا کی کہ " اے اللہ ! مجھے اپنے پاس سے بہترین اولاد عطا فرما ، بیشک تو دعاؤں کا سننے والا ہے " ۔ فرشتوں نے انہیں آواز دی اور وہ اس وقت کی نماز کی جگہ میں نماز میں کھڑے تھے کہ اللہ تعالیٰ آپ علیہ السلام کو اپنے ایک کلمے کی بشارت دیتا ہے جو سردار ہو گا اور پاکباز ہو گا اور نبی ہوگا اور پورے نیک کار اعلیٰ درجے کے بھلے لوگوں میں سے ہو گا ' ۔ یہاں فرمایا کہ ان سے پہلے اس نام کا کوئی اور انسان نہیں ہوا ۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس سے مشابہ کوئی اور نہ ہو گا ، یہی معنی «سَمِیًّا» کے آیت «ہَلْ تَعْلَمُ لَہٗ سَمِیًّا» ۱؎ (19-مریم:65) میں ہیں ۔ یہ معنی بھی بیان کئے گئے ہیں کہ اس سے پہلے کسی بانجھ عورت سے ایسی اولاد نہیں ہوئی ۔ زکریا کے ہاں کوئی اولاد نہیں ہوئی تھی ۔ آپ علیہ السلام کی بیوی صاحبہ بھی شروع عمر سے بے اولاد تھیں ۔ ابراہیم علیہ السلام اور سارہ علیہما السلام نے بھی بچے کے ہونے کی بشارت سن کر بے حد تعجب کیا تھا لیکن ان کے تعجب کی وجہ ان کا بے اولاد ہونا اور بانجھ ہونا نہ تھی ۔ بلکہ بہت زیادہ بڑھاپے میں اولاد کا ہونا ، یہ تعجب کی وجہ تھی اور زکریا علیہ السلام کے ہاں تو اس پورے بڑھاپے تک کوئی اولاد ہوئی ہی نہ تھی ۔ اس لیے خلیل اللہ علیہ السلام نے فرمایا تھا کہ «قَالَ أَبَشَّرْتُمُونِی عَلَیٰ أَن مَّسَّنِیَ الْکِبَرُ فَبِمَ تُبَشِّرُونَ» (15-الحجر:54) ' مجھے اس انتہائی بڑھاپے میں تم اولاد کی خبر کیسے دے رہے ہو ؟ ' ورنہ اس سے تیرہ سال پہلے آپ کے ہاں اسماعیل علیہ السلام ہوئے تھے ۔ آپ علیہ السلام کی بیوی صاحبہ نے بھی اس خوشخبری کو سن کر تعجب سے کہا تھا کہ کیا «قَالَتْ یَا وَیْلَتَیٰ أَأَلِدُ وَأَنَا عَجُوزٌ وَہٰذَا بَعْلِی شَیْخًا إِنَّ ہٰذَا لَشَیْءٌ عَجِیبٌ قَالُوا أَتَعْجَبِینَ مِنْ أَمْرِ اللہِ رَحْمَتُ اللہِ وَبَرَکَاتُہُ عَلَیْکُمْ أَہْلَ الْبَیْتِ إِنَّہُ حَمِیدٌ مَّجِیدٌ» (11-ہود:72،73) ' اس بڑھے ہوئے بڑھاپے میں میرے ہاں اولاد ہو گی ؟ ساتھ ہی میرے میاں بھی غایت درجے کے بوڑھے ہیں ۔ یہ تو سخت تر تعجب خیز چیز ہے ۔ یہ سن کر فرشتوں نے کہا تھا کہ کیا تمہیں امر الٰہی سے تعجب ہے ؟ اے ابراہیم علیہ السلام کے گھرانے والو ! تم پر اللہ کی رحمتیں اور اس کی برکتیں ہیں ۔ اللہ تعریفوں اور بزرگیوں والا ہے ' ۔

حجم الخط:
شارك الصفحة
فيسبوك واتساب تويتر تليجرام انستجرام
. . .
فضلًا انتظر تحميل الصوت