فهرس الكتاب

الصفحة 801 من 6343

انسانوں میں سے ہی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا عظیم احسان

کفار کی ضد اور سرکشی بیان ہو رہی ہے کہ یہ تو حق کے دشمن ہیں ۔ بالفرض یہ کتاب اللہ کو آسمان سے اترتی ہوئی اپنی آنکھوں دیکھ لیتے اور اپنے ہاتھ لگا کر اسے اچھی طرح معلوم کر لیتے پھر بھی ان کا کفر نہ ٹوٹتا اور یہ کہہ دیتے کہ یہ تو کھلا جادو ہے ، محسوسات کا انکار بھی ان سے بعید نہیں ۔

جیسے اور جگہ ہے آیت «وَلَوْ فَتَحْنَا عَلَیْہِمْ بَابًا مِّنَ السَّمَاءِ فَظَلٰوْا فِیْہِ یَعْرُجُوْنَ لَقَالُوا إِنَّمَا سُکِّرَتْ أَبْصَارُنَا بَلْ نَحْنُ قَوْمٌ مَّسْحُورُونَ» ۱؎ (15۔الحجر:15،14) یعنی ' اگر ہم آسمان کا دروازہ کھول دیتے اور یہ خود اوپر چڑھ جاتے ، جب یہ بھی یہی کہتے کہ ہماری آنکھوں پر پٹی باندھ دی گئی ہے بلکہ ہم پر جادو کر دیا گیا ہے ' ۔ اور ایک آیت میں ہے «وَاِنْ یَّرَوْا کِسْفًا مِّنَ السَّمَاءِ سَاقِـطًا یَّقُوْلُوْا سَحَابٌ مَّرْکُوْمٌ» ۱؎ (52۔الطور:44) غرض کہ جن باتوں کے ماننے کے عادی نہیں انہیں ہوتے ہوئے دیکھ کر بھی ایمان نصیب نہیں ہونے کا ۔ یہ کہتے ہیں کہ اگر حضور صلی اللہ علیہ وسلم سچے رسول ہیں تو ان کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے کسی فرشتے کی ڈیوٹی کیوں نہیں لگائی ؟ اللہ تعالیٰ جواب دیتا ہے کہ ' ان کی اس بے ایمانی پر اگر فرشتے آ جاتے تو پھر تو کام ہی ختم کر دیا جاتا ، چنانچہ اور آیت میں ہے «مَا نُنَزِّلُ الْمَلٰیِٕکَۃَ اِلَّا بالْحَقِّ وَمَا کَانُوْٓا اِذًا مٰنْظَرِیْنَ» ۱؎ (15۔الحجر:8) یعنی ' فرشتوں کو ہم حق کے ساتھ ہی اتارتے ہیں ۔ اگر یہ آ جائیں تو پھر مہلت و تاخیر ناممکن ہے ' اور جگہ ہے آیت «یَوْمَ یَرَوْنَ الْمَلٰیِٕکَۃَ لَا بُشْرٰی یَوْمَیِٕذٍ لِّلْمُجْرِمِیْنَ وَیَقُوْلُوْنَ حِجْـرًا مَّحْجُوْرًا» ۱؎ (25۔الفرقان:22) ' جس دن یہ لوگ فرشتوں کو دیکھ لیں گے اس دن گہنگار کو کوئی بشارت نہیں ہوگی ' ۔

حجم الخط:
شارك الصفحة
فيسبوك واتساب تويتر تليجرام انستجرام
. . .
فضلًا انتظر تحميل الصوت