نزول عذاب کے وقت کا ایمان بےفائدہ ہے
اللہ تعالیٰ ان اگلے لوگوں کو خبر دے رہا ہے جو رسولوں کو اس سے پہلے جھٹلا چکے ہیں ۔ ساتھ ہی بتاتا ہے کہ اس کا نتیجہ کیا کچھ انہوں نے بھگتا ؟ باوجود یکہ وہ قوی تھے زیادہ تھے زمین میں نشانات عمارتیں وغیرہ بھی زیادہ رکھنے والے تھے اور بڑے مالدار تھے ۔ لیکن کوئی چیز ان کے کام نہ آئی کسی نے اللہ کے عذاب کو نہ دفع کیا نہ کم کیا نہ ٹالا نہ ہٹایا ۔ یہ تھے ہی غارت کئے جانے کے قابل کیونکہ جب ان کے پاس اللہ کے قاصد صاف صاف دلیلیں ، روشن حجتیں ، کھلے معجزات ، پاکیزہ تعلیمات لے کر آئے تو انہوں نے آنکھ بھر کر دیکھا تک نہیں اپنے پاس کے علوم پر مغرور ہو گئے ۔ اور رسولوں کی تعلیم کی حقارت کرنے لگے ، کہنے لگے ہم ہی زیادہ عالم ہیں حساب کتاب ، عذاب ثواب کوئی چیز نہیں ۔ اپنی جہالت کو علم سمجھ بیٹھے ۔ پھر تو اللہ کا وہ عذاب آیا کہ ان کے بنائے کچھ نہ بنی اور جسے جھٹلاتے تھے ۔ جس پر ناک بھوں چڑھاتے تھے جسے مذاق میں اڑاتے تھے اسی نے انہیں تہس نہس کر دیا ، بھرکس نکال ڈالا ، تہ و بالا کر دیا ، روئی کی طرح دھن دیا اور بھوسی کی طرح اڑا دیا ۔ اللہ کے عذابوں کو آتا ہوا بلکہ آیا ہوا دیکھ کر ایمان کا اقرار کیا اور توحید تسلیم بھی کر لی ۔ اور غیر اللہ جل شانہ سے صاف انکار بھی کیا ، لیکن اس وقت کی نہ توبہ قبول نہ ایمان قبول نہ اسلام مسلم ۔ فرعون نے بھی غرق ہوتے ہوئے کہا تھا کہ «قَالَ آمَنتُ أَنَّہُ لَا إِلٰہَ إِلَّا الَّذِی آمَنَتْ بِہِ بَنُو إِسْرَائِیلَ وَأَنَا مِنَ الْمُسْلِمِینَ » ( 10-یونس: 90 ) میرا اس اللہ جل شانہ پر ایمان ہے جس پر بنی اسرائیل کا ایمان ہے میں اس کے سوا کسی کو لائق عبادت نہیں مانتا میں اسلام قبول کرتا ہوں ۔ اللہ جل شانہ کی طرف سے جواب ملتا ہے کہ « آلْآنَ وَقَدْ عَصَیْتَ قَبْلُ وَکُنتَ مِنَ الْمُفْسِدِینَ » ( 10-یونس: 91 ) اب ایمان لانا بےسود ہے ۔ بہت نافرمانیاں اور شرانگیزیاں کر چکے ہو ۔ موسیٰ علیہ السلام نے بھی اس سرکش کیلئے یہی بد دعا کی تھی کہ «وَاشْدُدْ عَلَیٰ قُلُوبِہِمْ فَلَا یُؤْمِنُوا حَتَّیٰ یَرَوُا الْعَذَابَ الْأَلِیمَ» ( 10-یونس: 88 ) اے اللہ جل شانہ آل فرعون کے دلوں کو اس قدر سخت کر دے کہ عذاب الیم دیکھ لینے تک انہیں ایمان نصیب نہ ہو ۔ پس یہاں بھی فرمان باری ہے کہ عذابوں کا معائنہ کرنے پر ایمان کی قبولیت نے انہیں کوئی فائدہ نہ پہنچایا ۔ یہ اللہ کا حکم عام ہے ۔ جو بھی عذابوں کو دیکھ کر توبہ کرے اس کی توبہ نامقبول ہے ۔ حدیث شریف میں ہے غرغرے سے پہلے تک کی توبہ قبول ہے ۔ (سنن ترمذی:3537،قال الشیخ الألبانی:حسن) جب دم سینے میں اٹکا روح حلقوم تک پہنچ گئی فرشتوں کو دیکھ لیا اب کوئی توبہ نہیں ۔ اسی لیے آخر میں ارشاد فرمایا کہ کفار ٹوٹے اور گھاٹے میں ہی ہیں ۔ « الْحَمْدُ لِلّٰہ» سورۃغافر کی تفسیر ختم ہوئی ، وللہ الحمد والمنۃ ۔