فهرس الكتاب

الصفحة 240 من 6343

ورثاء کے لئے طلاق کی مزید آئینی وضاحت

اس آیت میں عورتوں کے ولی وارثوں کو ممانعت ہو رہی ہے کہ جب کسی عورت کو طلاق ہو جائے اور عدت بھی گزر جائے پھر میاں بیوی اپنی رضا مندی سے نکاح کرنا چاہیں تو وہ انہیں نہ روکیں ۔ (تفسیر ابن جریر الطبری:22/5) اس آیت میں اس امر کی بھی دلیل ہے کہ عورت خود اپنا نکاح نہیں کر سکتی اور نکاح بغیر ولی کے نہیں ہو سکتا چنانچہ ترمذی اور ابن جریر نے اس آیت کی تفسیر میں یہ حدیث وارد کی ہے کہ عورت عورت کا نکاح نہیں کر سکتی نہ عورت اپنا نکاح آپ کر سکتی ہے ۔ وہ عورتیں زنا کار ہیں جو اپنا نکاح آپ کر لیں ۔ (سنن ابن ماجہ:1882 ، قال الشیخ الألبانی:صحیح بدون الجملۃ) دوسری حدیث میں ہے نکاح بغیر راہ یافتہ کے اور دو عادل گواہوں کے نہیں ، (دار قطنی:225/3) گو اس مسئلہ میں بھی اختلاف ہے لیکن اس کے بیان کی جگہ تفسیر نہیں ۔ ہم اس کا بیان کتاب الاحکام میں کر چکے ہیں «فالْحَمْدُ لِلّٰہ» ۔ یہ آیت معقل بن یسار رضی اللہ عنہ اور ان کی ہمشیرہ صاحبہ رضی اللہ عنہا کے بارے میں نازل ہوئی ہے ۔ صحیح بخاری شریف میں اس آیت کی تفسیر کے بیان میں ہے کہ سیدنا معقل بن یسار رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں میری بہن کا منگیتر میرے پاس آتا تھا ۔ میں نے نکاح کر دیا ۔ اس نے کچھ دِنوں بعد طلاق دے دی ۔ پھر عدت گزر جانے کے بعد نکاح کی درخواست کی ، میں نے انکار کر دیا ۔ اس پر یہ آیت اتری ۔ (صحیح بخاری:4529) جسے سن کر سیدنا معقل رضی اللہ عنہ نے باوجود یہ کہ قسم کھا رکھی تھی کہ میں تیرے نکاح میں نہ دوں گا ، نکاح پر آمادہ ہو گئے اور کہنے لگے میں نے اللہ کا فرمان سنا اور میں نے مان لیا اور اپنے بہنوئی کو بلا کر دوبارہ نکاح کر دیا ۔ (سنن ابوداود:2087 ، قال الشیخ الألبانی:صحیح) اور اپنی قسم کا کفارہ ادا کیا ۔ ان کا نام جمیل بنت یسار رضی اللہ عنہا تھا ۔ ان کے خاوند کا نام ابوالبداح رضی اللہ عنہ تھا ۔ بعض نے ان کا نام فاطمہ بن یسار رضی اللہ عنہا بتایا ہے ۔ سدی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ یہ آیت سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ اور ان کے چچا کی بیٹی کے بارے میں نازل ہوئی ہے لیکن پہلی بات ہی زیادہ صحیح ہے ۔ پھر یہ فرمایا یہ نصیحت و وعظ کیلئے ہے جنہیں شریعت پر ایمان ہو ، اللہ کا ڈر ہو ، قیامت کا خوف ہو ، انہیں چاہیئے کہ اپنی ولایت میں جو عورتیں ہوں انہیں ایسی حالت میں نکاح سے نہ روکیں ، شریعت کی اتباع کر کے ایسی عورتوں کو ان کے خاوندوں کے نکاح میں دے دینا اور اپنی حمیت و غیرت کو جو خلاف شرع ہو ، شریعت کے ماتحت کر دینا ہی تمہارے لیے بہتری اور پاکیزگی کا باعث ہے ۔ ان مصلحتوں کا علم جناب باری تعالیٰ کو ہی ہے ، تمہیں معلوم نہیں کہ کس کام کے کرنے میں بھلائی ہے اور کس کے چھوڑنے میں ۔ یہ علم حقیقت میں اللہ رب العزت ہی کو ہے ۔

حجم الخط:
شارك الصفحة
فيسبوك واتساب تويتر تليجرام انستجرام
. . .
فضلًا انتظر تحميل الصوت