بنی اسرائیل اور ہارون علیہ السلام
موسیٰ علیہ السلام کے آنے سے پہلے ہارون علیہ السلام نے انہیں ہر چند سمجھایا بجھایا کہ دیکھو فتنے میں نہ پڑو ۔ اللہ رحمان کے سوا اور کسی کے سامنے نہ جھکو ۔ وہ ہرچیز کا خالق و مالک ہے ، سب کا اندازہ مقرر کرنے والا وہی ہے ، وہی عرش مجید کا مالک ہے ، وہی جو چاہے کر گزرنے والا ہے ۔ تم میری تابعداری اور حکم برداری کرتے رہو ۔ جو میں کہوں وہ بجا لاؤ ، جس سے روکوں رک جاؤ ۔ لیکن ان سرکشوں نے جواب دیا کہ موسیٰ علیہ السلام کی سن کر تو خیر ہم مان لیں گے ۔ تب تک تو ہم اس کی پرستش نہیں چھوڑیں گے ۔ چنانچہ لڑنے اور مرنے مارنے کے واسطے تیار ہو گئے ۔