فهرس الكتاب

الصفحة 2765 من 6343

یہی وجہ ہے کہ رسول کی پیروی نہیں کرتے بلکہ چاہتے ہیں کہ سچائی خود ان کی خواہشات کے مطابق ہو حالانکہ اگر سچ ان کی خواہش کے مطابق ہو تو اس کے یہ معنے ہیں کہ تمام دنیا کے برے کام جائز کئے جائیں کیونکہ یہ لوگ تو سب کچھ کر گذرتے ہیں شرک ہے تو ان میں ہے کفر ہے تو ان میں ہے شراب خواری قمار بازی زنا کاری غرض دنیا کی تمام خرابیوں کا مجمع بلکہ منبع یہ لوگ ہیں اور ان کی دلی خواہش یہی ہے کہ نبی کی تعلیم سے یہ کام بند نہ ہوں تو اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ آسمان اور زمین اور ان میں رہنے والے …آدمی اور فرشتے سب کے سب تباہ وبربادہوجائیں کیونکہ قانون الٰہی ہے کہ سب کے سب لوگ بےدین اور بدمعاش ہوجائیں گے تو دنیا کا قیام نہ رہے گا جب یہ حال ہے تو سچ اور سچی تعلیم بھلا انکی خواہشات کے مطابق کیونکر ہوجائے بلکہ اصل بات یہ ہے کہ ہم ان کے پاس ان کی سچی نصیحت لائے ہیں تاکہ ہدایت پاویں مگر یہ لوگ اپنی شرارتوں میں ایسے منہمک ہیں کہ کان بھی نہیں لگاتے پس یہ لوگ اپنی ہدایت اور نصیحت سے روگردان ہیں کیا تو ان سے اس وعظ و نصیحت کرنے پر کچھ اجرت مانگتا ہے نہیں کیونکہ تیرے پروردگار کا اجر ان کی اجرت سے کہیں اچھا ہے اور وہ سب سے اچھا رزق دینے والا ہے پھر بھلا اسے چھوڑ کر ان سے توکیوں مانگنے لگا اور ان کی کیوں پرواہ کرنے لگا تو تو ان کو سیدھی راہ کی طرف بلاتا ہے اور جو لوگ آخرت پر ایمان نہیں رکھتے وہ سیدھی راہ سے ٹیڑھے جاتے ہیں ہمیشہ سے ان کی عادت کجروی کی ہورہی مگر جب پکڑے جاتے ہیں تو پھر رحم کی درخواست کرتے ہیں اور اگر ہم ان پر رحم کریں اور جو کچھ ان پر تکلیف آرہی ہے دور کردیں تو یہ ہرگز نہ ہوگا کہ اپنی شرارتوں سے باز آویں بلکہ اپنی سر کشی اور گمراہی میں بھٹکتے ہوئے دھستے جائیں اس لئے کہ اس سے پہلے ہم نے ان کو سخت عذاب میں مبتلا کیا تھا قحط سالی اور وبا کا تسلط ان پر ہوا تاہم یہ لوگ اپنے پروردگار کے سامنے نہ جھکے اور نہ عاجزی اختیار کی پھر جب ہم حسب قاعدہ ان پر عذاب کا دروازہ کھول دیں گے یعنی ایک تکلیف کے بعد دوسری تکلیف ان پر آئے گی تو بجائے اس کے اللہ کی طرف جھکیں گے اور اپنے گناہوں پر معافی مانگ کر رحمت کے امید وار بنیں فورا اس سے ناامید ہوجائیں گے اللہ ذوالجلال کی رحمت سے ناامید ہونا ہر طرح کی حرمان اور بد نصیبی ہے کیونکہ وہ اللہ وہ ذات پاک ہے جس نے تمہارے لئے کان اور آنکھیں اور دل پیدا کئے پھر اس کی رحمت سے ناامید ہونا کون دانا جائز کہے گا مگر تم بہت ہی کم شکریہ کرتے ہو

حجم الخط:
شارك الصفحة
. . .
فضلًا انتظر تحميل الصوت