فهرس الكتاب

الصفحة 5312 من 6343

انہی کے لئے نہیں بلکہ ان کے اور ان کے اتباع میں ان لوگوں کے لئے بھی جو اپنے رب کی ذات یا صفات یا احکام سے منکر ہیں ان کے لئے بھی جہنم میں آگ کا عذاب ہے اور وہ بری جگہ ہے جب وہ لوگ اس میں ڈالے جائیں گے اس دوزخ کی بڑے زور کی آواز سنیں گے جو جوش اور تیزی کی حالت میں آگ سے نکلا کرتی ہے کیونکہ وہ جوش مارتی ہوگی ایسی جوش مارے گی کہ سننے والے کو اندیشہ ہوگا کہ مارے جوش کے پھٹ نہ جائے یعنی جہنم جو چار دیواری کی وجہ سے ایک محاط مکان کی صورت میں بنی ہوگی جوش نار سے اس کا پھٹنا قریب الفہم ہوگا جب کبھی کوئی جماعت اس میں ڈالی جائے گی تو اس دوزخ کے داروغے ان سے پوچھیں گے تم جو بدکاریوں میں مبتلا رہے جن کی وجہ سے تم یہاں ٹھہرائے گئے کیا تمہارے پاس کوئی سمجھانے والا نہیں آیا تھا عقلمند کا کام تو یہ ہے کہ سمجھانے والے کی سنے اور عمل کرے سمجھانے والے آئے تو ضرور ہوں گے پھر کیا بات ہے کہ تم کو اتنی سخت سزا ملی ہے وہ جواب میں کہیں گے کہ ہاں واقعی سمجھانے والے آئے تھے مگر ہم نے ان کی تکذیب کی اور ایک نہ سنی ہم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے بندوں کی ہدایت کے لئے کبھی کوئی کتاب نہیں اتاری اسے کیا ضرورت کہ وہ وحی

بھیجے رسول بنائے اس نے انسان کو عقل کامل دے رکھی ہے بس یہی عقل انسان کی رہنمائی کو کافی ہے اے سمجھانے والو تم بہت بڑی غلطی میں ہو جو لوگوں کے سامنے دعویٰ رسالت اور ادعاء نبوت کرتے ہو یہ بھی کہیں گے کہ اگر ہم ان کی سنتے یا عقل خداداد سے کام لیتے جس کو ہم نے چھوڑ دیا تھا تو آج ہم اس آگ والوں میں نہ ہوتے پس دیکھو اس سوال وجواب میں وہ اپنے گناہوں کے معترف ہوگئے سو ایسے جہنمیوں کے لئے جو اقراری مجرم ہیں الٰہی رحمت سے دوری ہو اللہ ایسوں کو نہ بخشے ہاں جو لوگ بن دیکھے اپنے رب سے ڈرتے اور نیک عمل کرتے ہیں ان کے لئے بخشش کا حصہ اور بڑا اچھا بدلہ ہے

حجم الخط:
شارك الصفحة
. . .
فضلًا انتظر تحميل الصوت