13۔ 1 اللہ تعالیٰ نے حضرت لقمان کی سب سے پہلی وصیت یہ نقل فرمائی کہ انہوں نے اپنے بیٹے کو شرک سے منع فرمایا، جس سے یہ واضح ہوا کہ والدین کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنی اولاد کو شرک سے بچانے کی سب سے زیادہ کوشش کریں۔
13۔ 2 یہ بعض کے نزدیک حضرت لقمان ہی کا قول ہے اور بعض نے اسے اللہ کا قول قرار دیا ہے اور اس کی تائید میں وہ حدیث پیش کی ہے جو (اَلَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَلَمْ یَلْبِسُوْٓا اِیْمَانَہُمْ بِظُلْمٍ) 6۔ الانعام:82) کے نزول کے تعلق سے وارد ہے جس میں آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا تھا کہ یہاں ظلم سے مراد ظلم عظیم ہے اور آیت ( ڼ اِنَّ الشِّرْکَ لَظُلْمٌ عَظِیْمٌ) 31۔ لقمان:13) کا حوالہ دیا۔ مگر درحقیقت اس سے اللہ کا قول ہونے کی نہ تائید ہوتی ہے نہ تردید۔