7403 حَدَّثَنَا عُمَرُ بْنُ حَفْصِ بْنِ غِيَاثٍ حَدَّثَنَا أَبِي حَدَّثَنَا الْأَعْمَشُ عَنْ شَقِيقٍ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ عَنْ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ مَا مِنْ أَحَدٍ أَغْيَرُ مِنْ اللَّهِ مِنْ أَجْلِ ذَلِكَ حَرَّمَ الْفَوَاحِشَ وَمَا أَحَدٌ أَحَبَّ إِلَيْهِ الْمَدْحُ مِنْ اللَّهِ
ہم سے عمر بن حفص بن غیاث نے بیان کیا ' انہوں نے کہا مجھ سے میرے والد نے بیان کیا ' انہوں نے کہا ہم سے اعمش نے بیان کیا ' ان سے شقیق نے اور ان سے عبد اللہ نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ' کوئی بھی اللہ سے زیادہ غیرت مند نہیں اور اسی لیے اس نے فواحش کو حرام قرار دیا ہے اور اللہ سے زیادہ کوئی تعریف پسند کرنے والا نہیں ۔
آدمی کے لیے یہ عیب ہے کہ اپنی تعریف پسند کرے لیکن پروردگار کے حق میں یہ عیب نہیں ہے کیونکہ وہ تعریف کے سزا وار ہے۔ اس کی جتنی تعریف کی جائے وہ کم ہے ۔ اس حدیث کی مطابقت باب سے اس طرح ہے کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے اس کو لا کر اس کے دوسرے طریق کی طرف اپنی عادت کے موافق اشارہ کیا ۔ یہ طریق تفسیر سورہ انعام میں گزر چکا ہے ۔ اس میں اتنا زائد ہے ولذلک مدح نفسہ تو نفس کا اطلاق پروردگار پر ثابت ہوا۔ کرمانی نے اس پر خیال نہیں کیا اور جس حدیث کی شرح کتاب التفسیر میں کر آئے تھے اس کو یہاں بھول گئے ۔ انہوں نے کہا مطابقت اس طرح سے ہے کہ احد کا لفظ بھی نفس کے لفظ کے مثل ہے ۔