3802 حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ مُحَمَّدٍ حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ آدَمَ حَدَّثَنَا إِسْرَائِيلُ عَنْ أَبِي إِسْحَقَ عَنْ عَبْدِ الْجَبَّارِ بْنِ وَائِلٍ عَنْ أَبِيهِ قَالَ صَلَّيْتُ مَعَ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَقَالَ رَجُلٌ الْحَمْدُ لِلَّهِ حَمْدًا كَثِيرًا طَيِّبًا مُبَارَكًا فِيهِ فَلَمَّا صَلَّى النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ مَنْ ذَا الَّذِي قَالَ هَذَا قَالَ الرَّجُلُ أَنَا وَمَا أَرَدْتُ إِلَّا الْخَيْرَ فَقَالَ لَقَدْ فُتِحَتْ لَهَا أَبْوَابُ السَّمَاءِ فَمَا نَهْنَهَهَا شَيْءٌ دُونَ الْعَرْشِ
حضرت وائل بن حُجر ؓ سے روایت ہے ،انہوں نے فرمایا:میں نے نبی ﷺ کی اقتدا میں نماز ادا کی۔ (نماز کے دوران میں) ایک آدمی نے کہا: [اَلۡحَمۡدُ لِلہِ حَمۡدًا کَثِیۡرًا طَیِّبًا مُبَارَکًا فِیۡہِ] سب تعریف اللہ کے لئے ہے، بہت زیادہ تعریف جو پاک اور برکتوں والی ہے ۔ جب نبی ﷺ نماز سے فارغ ہوئے تو فرمایا: یہ الفاظ کس نے کہے تھے؟ اس آدمی نے کہا: میں نے (کہے تھے ۔) اور میرا ارادہ تو نیکی کا تھا ۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ان کے لئے آسمان میں دروازے کھل گئے تھے اور ان (الفاظ) کے عرش تک پہنچنے میں کوئی چیز رکاوٹ نہیں بنی۔
۱ ۔مذکورہ روایت سنداَ َ ضعیف ہے، تا ہم اسی مفہوم کی صحیح احادیث حضرت عبداللہ بن عمر اور حضرت انس ؓ سے مروی ہیں، البتہ ان میں یہ جملہ نہیں ہے:"ان (الفاظ) کے عرش تک پہنچنے میں کوئی چیز رکاوٹ نہیں بنی۔"۲۔ صحیح مسلم میں حضرت انس ؓسے مروی روایت میں یہ الفاظ ہیں: "میں نے بارہ فرشتے ان کلمات کے ساتھ جلدی کرتے ہوئے دیکھے کہ انہیں کون (پہلے لکھ کر پہلے) اوپر لے جاتا ہے۔ " (صحيح مسلم ، المساجد باب ما يقال بين التكبيرة الاحرام والقراءة حديث:600) آسمان کے دروازے کھلنے کے الفاظ دوسرے کلمات کے بارے میں ہیں جو اس طرح ہیں: (الله اكبر كبيرا والحمد لله كثيرا وسبحان الله بكرة وأصيلا) یہ حدیث حضرت ابن عمر ؓ سے مروی ہے۔ (صحيح مسلم ، المساجد ، باب ما يقال بين تكبيرة الاحرام والقراءة حديث:601) ۳۔ فرشتوں کا ان کلمات کو جلد لکھنے کی کوشش کرنا ان کی عظمت کو ظاہر کرتا ہے۔