فهرس الكتاب

الصفحة 2213 من 5761

کتاب: روزے سے متعلق احکام و مسائل

2213 أَخْبَرَنِي هِلَالُ بْنُ الْعَلَاءِ قَالَ حَدَّثَنَا أَبِي قَالَ حَدَّثَنَا عُبَيْدُ اللَّهِ عَنْ زَيْدٍ عَنْ أَبِي إِسْحَقَ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ الْحَارِثِ عَنْ عَلِيِّ بْنِ أَبِي طَالِبٍ عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ إِنَّ اللَّهَ تَبَارَكَ وَتَعَالَى يَقُولُ الصَّوْمُ لِي وَأَنَا أَجْزِي بِهِ وَلِلصَّائِمِ فَرْحَتَانِ حِينَ يُفْطِرُ وَحِينَ يَلْقَى رَبَّهُ وَالَّذِي نَفْسِي بِيَدِهِ لَخُلُوفُ فَمِ الصَّائِمِ أَطْيَبُ عِنْدَ اللَّهِ مِنْ رِيحِ الْمِسْكِ

حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہﷺ نے فرمایا: ''اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: بلاشبہ روزہ میرے لیے ہے اور میں ہی اس کا بدلہ دوں گا۔ روزے دار کے لیے دو وقت خوشی کے ہیں: جب وہ روزہ کھولتا ہے اور جب اپنے رب کو ملے گا۔ قسم اس ذات کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے! روزے دار کے منہ کی بو اللہ تعالیٰ کے نزدیک کستوری سے بھی زیادہ اچھی ہے۔''

(۱) ''روزہ میرے لیے ہے۔'' سب عبادات ہی اللہ تعالیٰ کے لیے ہوتی ہیں، مگر روزے کی تخصیص کی وجہ غالبًا یہ ہے کہ روزے میں ریا کاری ممکن نہیں کیونکہ اس کی کوئی ظاہر علامت نہیں جسے کوئی دیکھ سکے روزے کے علاوہ باقی تمام عبادات میں لوگوں کی طرف سے تعریف ممکن ہے، مثلًا: نماز اور حج وغیرہ کیونکہ یہ عبادات لوگوں کو نظر آتی ہیں، جبکہ روزہ صرف اللہ تعالیٰ ہی کے علم میں ہوتا ہے۔ (۲) ''میں ہی اس کا بدلہ دوںـ گا۔'' یعنی کوئی دوسرا اس کا بدلہ نہیں دے سکتا کیونکہ وہ اس کا ثواب جانتا ہی نہیں، صرف میں ہی جانتا ہوں، لہٰذا میں ہی اس کا بدلہ دوں گا جیسا کہ حدیث نبمبر (۲۲۱۷) میں ہے کہ ہر نیکی کا بدلہ دس سے سات سو گنا تک ہے۔ سوائے روزے کے کہ وہ بے حساب ہے، نیز روزے کا بدلہ جنت ہے اور جنت کوئی اور نہیں دے سکتا۔ (۳) ''جب روزہ کھولتا ہے۔'' اس وقت خوشی اللہ تعالیٰ کے فریضے کی تکمیل کی وجہ سے ہوتی ہے یا طبعی خوشی مراد ہے جو ہر انسان کو کھانے سے حاصل ہو تی ہے۔ (۴) ''جب اپنے رب کو ملے گا۔'' اس وقت خوشی ہوگی، اللہ تعالیٰ کی رضا مندی اور روزے کا ثواب دیکھ کر اور یہی حقیقی خوشی ہے۔ (۵) ''روزے دار کے منہ کی بو۔'' جو معدہ خالی ہونے کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔ دنیا میں انسان خوشبو والے شخص کو اپنے قریب کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ بھی روزے دار کو اپنے قریب فرمائے گا اور اس سے محبت فرمائے گا گویا یہ بو جو روزے کی حالت میں منہ سے آتی ہے، قیامت کے دن کستوری کی خوشبو کا تمثیل اختیار کرے گی۔ ممکن ہے دنیا ہی میں روزے کی حالت کی بو اللہ تعالیٰ یا فرشتوں کو کستوری سے بڑھ کر خوشبو دار معلوم ہوتی ہو۔ {اِنَّ اللّٰہَ بِکُلِّ شَیْئٍ عَلِیْمٌ} (الانفال: ۷۵) (۶) اللہ کی صفت کلام کا اثبات ہوتا ہے، نیز پتا چلتا ہے کہ اللہ کا کلام صرف قرآن مجید ہی نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ جب چاہتا ہے اور جو چاہتا ہے کلام فرماتا ہے۔ مذکورہ بالا حدیث، حدیث قدسی ہے۔ حدیث قدسی دراصل اللہ ہی کا کلام ہوتا ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ اس کی بطور عبادت تلاوت نہیں کی جاتی۔

حجم الخط:
شارك الصفحة
فيسبوك واتساب تويتر تليجرام انستجرام
. . .
فضلًا انتظر تحميل الصوت