اور جب (حضرت) ابراہیم نے کہا تھا کہ: اے میرے پروردگار! مجھے دکھلا دے کہ تو ''مردوں کو کیسے زندہ کرے گا'' اللہ تعالیٰ نے پوچھا: ''کیا تجھے اس کا یقین [374] نہیں؟'' ابراہیم نے جواب دیا: ''کیوں نہیں! لیکن میں اپنے دل کا اطمینان چاہتا ہوں۔'' اللہ تعالیٰ نے فرمایا: اچھا تو چار پرندے لو اور انہیں اپنے ساتھ مانوس کرلو۔ پھر ان کا ایک ایک جز ایک ایک پہاڑ [375] پر رکھ دو۔ پھر انہیں پکارو، وہ تمہارے پاس دوڑتے چلے آئیں گے اور جان لو کہ اللہ تعالیٰ ہر چیز پر غالب اور حکمت والا ہے