فهرس الكتاب

الصفحة 1088 من 2029

السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ

آج تک یہی سنتے اور پڑھتے آئے ہیں کہ قسطوں کا کاروبار حرام اور سود ہے۔ لیکن ہفت روزہ اہل حدیث میں مولانا صاحب نے جائز قرار دیا ہے ۔ براہِ مہربانی وضاحت فرما دیں۔ شکریہ۔ (محمد سروردکاندار ، چک چٹھہ ،حافظ آباد)

ہفت روزہ اہلحدیث ۲۵ ربیع الاوّل ۱۴۲۳ھ میں

الجواب بعون الوہاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ

الحمد للہ، والصلاة والسلام علیٰ رسول اللہ، أما بعد!

مولانا حافظ ابو محمد عبدالستار الحماد میاں چنوں کا فتویٰ

سوال:…فاروق آباد سے سعید ساجد لکھتے ہیں کہ آج کل قسطوں کا کاروبار تقریبًا ۷۵/ فی صد لوگ کر رہے ہیں ، جس کی صورت یہ ہے کہ ایک آدمی کوئی گاڑی نقد خریدتا ہے تو وہ پانچ لاکھ روپے کی ہے لیکن قسطوں میں وہی گاڑی آٹھ لاکھ روپے میں ملتی ہے کیا یہ صورت سود کے زمرے میں تو نہیں آتی؟

واضح رہے کہ صورتِ مسئولہ کا تعلق مالی معاملات سے ہے ،مالی معاملات کے متعلق ارشادِ باری تعالیٰ ہے:'' اے ایمان والو1 آپس میں ایک دوسرے کے مال باطل طریقوں سے مت کھاؤ مگر یہ کہ کوئی مال رضا مندانہ تجارت کی راہ سے حاصل ہو جائے۔'' (سورۃ النساء:۲۹)

باطل طریقہ سے مراد لین دین ، کاروبار اور تجارت کے وہ طریقے ہیں جن میں فریقین کی حقیقی رضا مندی یکساں طور پر نہیں پائی جاتی بلکہ اس میں ایک فریق کا تو مفاد محفوظ رہتا ہے جبکہ دوسرا غرر یاضرر کا ہدف بنتا ہے۔ اگر کسی معاملہ میں دھوکا پایا گیا یااس میں ایک فریق کی بے بسی اور مجبوری کو دخل ہو تو اگرچہ وہ بظاہر اس پر راضی بھی ہوں تاہم شریعت کی رو سے یہ باطل طریقے ہیں ۔ جنہیں شریعت نے ناجائز ٹھہرایا ہے اس لیے لین دین اور باہمی تجارت نہ تو کسی ناجائز دباؤ سے ہواور نہ ہی اس میں فریب اور ضرر کو دخل ہو اگر چہ خرید و فروخت کی حلت قرآنی نص سے ثابت ہے۔ [وَاَحَلَّ اللّٰہُ الْبَیْعَ (بقرۃ: ۲۷۵) [''اور اللہ تعالیٰ نے تجارت کو حلال کیا ہے۔''] لیکن ہر قسم کی خرید و فروخت حلال نہیں ہے۔ بلکہ مندرجہ ذیل شرائط کے ساتھ اسے جائز قرار دیا گیا ہے۔

1 فریقین باہمی رضامندی سے سودا کریں۔

2 خرید کر دہ اشیاء اور ان کا معاوضہ مجہول نہ ہو۔

3 قابل فروخت چیز فروخت کنندہ کی ملکیت ہو اور وہ اسے خریدار کے حوالے کرنے پر قادر ہو۔

4 فروخت کردہ چیز میں کسی قسم کا عیب چھپا ہوا نہ ہو۔

5 خرید و فروخت کسی حرام چیز کی نہ ہو اور نہ ہی اس میں سود وغیرہ کو بطورِ حیلہ جائز قرار دیا گیا ہو۔

6 اس خرید و فروخت میں کسی فریق کو دھوکہ دینا مقصود نہ ہو۔

7 اس تجارتی لین دین میں حق رجوع کو برقرار رکھا گیا ہو ۔

کتب حدیث میں خرید و فروخت کی تقریبًا تیس (۳۰) اقسام کو انہیں وجوہ کی بنیاد پر حرام ٹھہرایا گیا ہے ۔ پھر عام طور پر خریدو فروخت کی دو قسمیں ہیں:

(۱) ۔نقد (۲) ۔اُدھار

نقد یہ ہے کہ چیز اور اس کا معاوضہ فورًا حوالے کر دیا جائے پھر معاوضہ کے لحاظ سے اس کی مزید دو اقسام ہیں:

(۱) ۔ معاوضہ نقدی کی صورت میں ہو۔ (۲) ۔ معاوضہ جنس کی صورت میں ہو۔

جہاں معاوضہ جنس کی صورت میں ہو اس کی دو صورتیں ہیں: (۱) ۔ حرام (۲) ۔ جائز

حرام یہ ہے کہ ایک ہی جنس کی خریدو فروخت میں ایک طرف سے کچھ اضافہ ہو جیسا کہ ایک تولہ سونا دے کر دو تولے سونا لینا ایک کلو کھجور کے بدلے دو کلو کھجور لینا وغیرہ۔

جائز یہ ہے کہ مختلف اجناس کی خرید وفروخت کرتے وقت کسی ایک طرف سے کچھ اضافہ کے ساتھ وصولی کرنا مثلًا ایک من گندم کے عوض دو من جو لینا ، لیکن اس کے لیے شرط یہ ہے کہ سودا نقد بنقد ہو۔

خرید وفروخت کے اُدھار ہونے کی صورت میں بھی اس کی کئی اقسام ہیں: مثلًا:

(۱) … چیز اور اس کا معاوضہ دونوں ہی اُدھار ہوں ، ایسا کرنا شرعًا جائز نہیں ہے ۔ فقہی اصطلاح میں اسے بیع الکالی کہتے ہیں ۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا کرنے سے منع فرمایا ہے۔

(۲) … اگر دونوں میں سے ایک نقد اور دوسری اُدھار ہو تو اس کی دو صورتیں ہیں:

(۱لف) معاوضہ نقدی کی صورت میں پہلے ادا کر دیا جائے لیکن مبیع یعنی فروخت کر دہ جنس بعد میں حوالہ کرنا ہو اسے بیع سلم یا سلف کہا جاتا ہے اس کی شرعًا اجازت ہے بشرطیکہ: (۱) جنس کی مقدار اور اس کا بھاؤ پہلے سے طے شدہ ہو۔ (۲) جنس کی ادائیگی کا وقت بھی متعین ہو۔

(ب) مبیع یعنی فروخت کردہ چیز پہلے وصول کر لی جائے لیکن معاوضہ کی ادائیگی اُدھار ہو ، یہ بھی جائز ہے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے عمر کے آخری دور میں ایک یہودی سے آئندہ قیمت کی ادائیگی پر کچھ جو لیے تھے اسے بیع نسئیہ کہتے ہیں ، اس بیع کی دو صورتیں ہیں: (۱) فروخت کردہ چیز کا بھاؤ ایک ہو خواہ نقد یا اُدھار ، اس کے جواز میں کسی کو اختلاف نہیں ہے۔ (۲) فروخت شدہ چیز کے نقد اُدھار کے دو بھاؤ ہوں اس کے جواز یا عدم جواز کے متعلق علماء کا اختلاف ہے ، صورت مسئولہ میں بھی اسی کو بیان کیا گیا ہے ، اس کے متعلق ہم نے کچھ گزارشات پیش کرنا ہیں لیکن ان گزارشات سے پہلے دو اصولی باتیں گوش گزار کرنا ضروری خیال کرتے ہیں:

1 معاملات اور عبادات میں فرق یہ ہے کہ عبادات میں اصل حرمت ہے الا یہ کہ شریعت نے اس کی بجا آوری کا حکم دیا ہو جبکہ معاملات میں اصل اباحت ہے الا یہ کہ شریعت نے کسی کے متعلق حکم امتناعی نہ دیا ہو۔ صورتِ مسئولہ کا تعلق معاملات سے ہے اس کے متعلق ہم نے حکم امتناعی تلاش کرنا ہے۔ بصورتِ دیگر یہ حلال اور جائز ہے۔

2 کسی چیز کا بھاؤ متعین کر دینا شرعًا جائز نہیں ہے ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلمکو اہل مدینہ نے اشیاء کے بھاؤ متعین کر دینے کے متعلق عرض کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ ہی خالق اور اُتار چڑھاؤ کا مالک ہے نیز وہ تمام مخلوق کا رازق ہے میں نہیں چاہتا کہ قیامت کے دن میرے ذمے کسی کا کوئی حق ہو۔''1 (مسند امام احمد:۳/۱۵۶)

اس بناپر اشیاء کی قیمتیں توقیفی نہیں ہیں کہ ان میں کمی بیشی نہ ہو سکتی ہو نیز کسی چیزکا نفع لینے کی شرح کیا ہو؟ اس کے متعلق بھی شریعت کا کوئی ضابطہ نہیں ہے بعض صحابہ کرامرضوان اللہ علیھم اجمعین سے ایسے واقعات بھی منقول ہیں کہ انہوں نے قیمت خرید پر دو گنا وصول کیا۔ (صحیح بخاری) 2

صورتِ مسئولہ یوں ہے کہ ایک دکاندار اپنی اشیاء بایں طور فروخت کرتا ہے کہ نقد ادائیگی کی شکل میں ایک چیز کی قیمت ۳۰۰ روپے ہے لیکن وہی چیز ایک سال کے اُدھار پر ۴۰۰ روپے میں اور دوسال کے اُدھار پر ۵۰۰ روپے میں فروخت کرتا ہے ۔ اُدھار کی شکل میں خریدار کو اختیار ہے کہ وہ سال کے اختتام پر واجب الاداء رقم یکمشت ادا کر دے یا حسب معاہدہ اس رقم کو بالاقساط ادا کرے، موجودہ دور میں قسطوں پر اشیاء ضرورت بیچنے کا رواج تمام اسلامی ممالک میں عام ہو چکا ہے اور بہت سے لوگ اپنی ضرورت کی اشیاء صرف قسطوں پر خریدسکتے ہیں اور نقد خریدنا ان کی طاقت سے باہر ہوتا ہے واضح رہے کہ قسطوں کی صورت میں ایک چیز کی قیمت بازاری قیمت سے زیادہ مقرر کی جاتی ہے بعض علماء اس زیادتی کو ناجائز کہتے ہیں کیونکہ ثمن کی یہ زیادتی'' مدت'' کے عوض میں ہے اور جو ثمن ''مدت '' کے عوض میں ہو وہ سود ہے جسے شریعت نے حرام کہا ہے ۔ علامہ شوکانی نے زین العابدین علی بن حسین ، ہادویہ کا یہی مسلک نقل کیا ہے۔لیکن ائمہ اربعہ اور جمہور فقہاء اور محدثین کا مسلک یہ ہے کہ خرید و فروخت کے عمومی دلائل کے پیش نظر اُدھار بیع میں نقد کے مقابلہ میں قیمت زیادہ کرنا جائز ہے۔ بشرطیکہ خریدار اور فروخت کنندہ اُدھار یا نقد قطعی فیصلہ کر کے کسی ایک قیمت پر متفق ہو جائیں (نیل الاوطار:۵/۱۷۲)

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1 ترمذی؍کتاب البیوع؍باب ما جاء فی التسعیر۔ابو داؤد؍کتاب الاجارۃ؍باب التسعیر ابن ماجہ؍کتاب التجارات؍باب من کرہ ان یعسر

2 بخاری؍کتاب المناقب؍باب علامات النبوۃ فی الاسلام۔ ترمذی؍کتاب البیوع؍باب ۳۴

لہٰذا اگر بائع یہ کہے کہ میں یہ چیز نقد اتنے میں اور اُدھار اتنے میں فروخت کرتا ہوں ، اس کے بعد کسی ایک بھاؤ پر اتفاق کیے بغیر دونوں جدا ہو جائیں جہالت ثمن کی وجہ سے یہ بیع ناجائز ہے لیکن اگر عاقدین مجلس عقد میں ہی کسی ایک شق اور کسی ایک ثمن پر اتفاق کر لیں تو بیع جائز ہو جائے گی چنانچہ امام ترمذی جامع ترمذی میں لکھتے ہیں:''بعض اہل علم نے حدیث '' بیعتین فی بیعۃ'' کی تشریح بایں الفاظ کی کہ'' بائع مشتری سے کہے کہ میں کپڑا تمہیں نقد دس اور اُدھار بیس روپے میں فروخت کرتا ہوں اور پھر کسی ایک بیع پر اتفاق کر کے جدائی نہیں ہوئی لیکن اگر ان دونوں میں سے کسی ایک پر اتفاق ہونے کے بعد جدائی ہوئی تو اس میں کوئی حرج نہیں کیونکہ معاملہ ایک پر طے ہو گیا ہے۔'' (جامع ترمذی/کتاب البیوع)

امام ترمذی کی عبارت کا خلاصہ یہ ہے کہ '' بیعتین فی بیعۃ'' کے ناجائز ہونے کی علت یہ ہے کہ عقد کے وقت کسی ایک صورت کی عدم تعیین سے ثمن دو حالتوں میں متردد ہو جائے گی اور یہ تردد جہالت ثمن کو مستلزم ہے ، جس کی بناء پر ناجائز ہوئی ، مدت کے مقابلہ میں ثمن کی زیادتی ممانعت کا سبب نہیں لہٰذا اگر عقد کے وقت ہی کسی ایک حالت کی تعیین ہو جائے اور جہالت ثمن کی خرابی دور کر دی جائے تو پھر اس کے جواز میں شرعًا کوئی قباحت نہیں رہے گی ، یہی موقف راجح ہے کیونکہ قرآن و حدیث میں اس بیع کے عدم جواز پر کوئی نص موجود نہیں ، علامہ ابن تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ معاملات کے متعلق فرماتے ہیں:'' جو معاملات انسان کو ضرورت کے طور پر پیش آتے ہیں وہ سب حلال اور جائز ہیں الا یہ کہ اس کی حرمت پر قرآن و حدیث میں کوئی واضح دلیل موجو د ہو۔'' (مجموع الفتاویٰ:۲۸/۳۸۶)

ہم نے آغاز میں جو ایک اصول بیا ن کیا تھا اسے ایک مرتبہ پھر بنظر غائر دیکھ لیا جائے اور اس بیع میں جو ثمن کی زیادتی ہے اس پر ربا کی تعریف بھی صادق نہیںآتی کیونکہ وہ قرض نہیں اور نہ ہی اموال ربویہ کی خریدو فروخت ہو رہی ہے بلکہ یہ عام بیع ہے اور اس عام بیع میں فروخت کنندہ کو شرعًا مکمل اختیار ہے کہ وہ اپنی چیز جتنی قیمت میں چاہے فروخت کرے اور اس کے لیے شرعًا یہ ضروری نہیں کہ وہ اپنی چیز کو بازار کے بھاؤ سے فروخت کرے اور قیمت کی تعیین میں ہر تاجر کا اپنا ایک اصول اور انداز ہوتا ہے ۔ اس پر پابندی نہیں ہے کہ وہ ایک متعین ریٹ پر اپنی اشیاء کو فروخت کرے اس سلسلہ میں ہمارا بیان کردہ دوسرا اُصول پیش نظر رہنا چاہیے کہ بعض اوقات ایک ہی چیز کی قیمت حالات کے اختلاف سے مختلف ہو تی ہے اگر کوئی بائع اپنی چیز کی قیمت ایک حالت میں کچھ مقرر کرے اوردوسری حالت میں کچھ مقرر کر دے تو شریعت نے اس پر کوئی قدغن نہیں لگائی ، لہٰذا اگر کوئی شخص اپنی چیز نقد آٹھ روپے میں اور اُدھار دس روپے میں فروخت کرتا ہے تو اس شخص کے لیے بالاتفاق یہ جائز ہے کہ وہ اسی چیز کو نقد دس روپے میں فروخت کر دے بشرطیکہ اس میں ضرر یا غرر نہ ہو اور جب دس روپے میں نقد فروخت کرنا جائز ہے اور اُدھار دس روپے میں فروخت کرنا کیوں ناجائز ہوا؟ (فتدبر)

اب ہم قارئین کو اس حقیقت سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ زیر نظر مسئلہ میں نقد کی نسبت سے اُدھار قیمت میں یہ تفاوت کیا اُدھار کا عوض ہے یا اُدھار کی وجہ سے ہے؟ ان دونوں کے درمیان مابہ الامتیاز کیا ہے تاکہ بذریعہ نص حرام اور ناجائز سود سے اس کا فرق ہو سکے ، واضح رہے کہ اُدھار کی وجہ سے قیمت میں یہ تفاوت اُدھار کا معاوضہ نہیں ہے کیونکہ ایسا کبھی نہیں ہوتا کہ اس اُدھار کی قیمت میں جو کچھ قیمت تو بیع کی ہو اور کچھ قیمت اس اجل کی ہو جو عاقدین نے قیمت کی ادائیگی کے لیے طے کی ہے۔ بلکہ معاشرتی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے اُداھار میں جو سہولت میسر آتی ہے اس کی وجہ سے کچھ اضافہ ہوا ہے ۔ ہم آسانی کے پیش نظر اسے یوں تعبیر کر تے ہیں: ان الزیادۃ ھٰھنا لاجل لا لعوض الاجل'' یہاں پر قیمت میں اضافہ اُدھار کی وجہ سے ہے اُدھار کے عوض میں نہیں ہے۔قرآن و حدیث میں اس قسم کے متعدد نظائر پائے جاتے ہیں جس میں اُدھار کی وجہ سے قیمت میں زیادتی آتی ہے جنہیں ہم آئندہ بیان کریں گے ۔ حقیقت یہ ہے کہ اجل ایک وصف ہے اور وصف کا معاوضہ نہیں ہوتا لیکن وصف کے مرغوب ہونے کی وجہ سے قیمت بڑھ سکتی ہے اور وصف کے ناپسند ہونے کی وجہ سے قیمت کم ہو جاتی ہے اس کی وضاحت یوں کی جا سکتی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دو صاع کھجور کے عوض ایک صاع کھجور لینے کو ناجائز ٹھہرایا ہے 1 آپ نے اس کے متعلق مزید تاکید کی ہے کہ عمدہ اور ردّی کھجور کا بھی مقابلہ ہو تو برابر برابر لینا ہو گا۔2 اس کے عمدہ ہونے کی صورت میں اضافہ نہ دے سکتے ہیں اور نہ ہی لے سکتے ہیں ۔ بہترین کھجور کے ایک سیر کے بدلہ میں معمولی کھجور کے دو سیر دینے سے منع فرمادیا کیونکہ اس میں سیر کے بدلے میں آجاتا ہے اور دوسرا سیر اس کے وصف جو دت (عمدگی) کے عوض میں لیا جاتا ہے جو کہ ناجائز ہے۔ پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی تدبیر یوں فرمائی کہ ردی کھجور کو کم قیمت پر فروخت کر دو پھر حاصل ہونے والے زر ثمن سے بہتر کھجور کو زیادہ قیمت سے خرید لو ۔3 اس معاملہ میں بہتر کھجور کی قیمت میں اضافہ اس کے وصف مرغوب کی وجہ سے ہے ۔ اس عقلی اور فطری بات سے کسی کو بھی انکار نہیں کہ مرغوب چیز کی قیمت بمقابلہ نا مرغوب کے زیادہ ہے ۔ لیکن یہ صورت ناجائز ہے کہ ایک سیر بہتر کھجور کے بد ل میں دو سیر معمولی کھجور دی جائے اس طرح یہ بھی ناجائز ہے کہ بہتر کھجور والے کو معمولی کھجور کا ایک سیر اور اس کے ساتھ ایک روپیہ بھی دے دیا جائے کیونکہ اس صورت میں یہ روپیہ یا دوسرا سیر وصف جو دت کا عوض ثابت ہو گا اور وصف کا عوض لینا جائز نہیں ہے۔ لیکن بہتر کھجور کو عام نرخ سے زیادہ قیمت پر خریدنا بالکل جائز ہے کیونکہ یہاں قیمت کا اضافہ اس کے وصف (عمدگی) کی وجہ سے اس وصف کا عوضانہ نہیں ہے ۔ آپ نے ملتان سے لاہور جانے کا پروگرام بنایا ہے اس کے لیے عام گاڑی ، اے سی اور ہوائی جہاز تین ذرائع ہیں ، ان تینوں ذرائع کا کرایہ الگ الگ ہے ، یہ تفاوت ان ذرائع میں دی گئی سہولتوں کے پیش نظر ہے ایسا نہیں ہوتا کہ اصل کرایہ تو عام گاڑی کا ہے باقی جو کرایوں میں تفاوت ہے وہ ان سہولتوں کا عوض ہے جو آ پکو دی گئی ہیں۔ اب آپ اُدھار پر فروخت کی گئی چیز کی مدت پر غور کریں کہ نفس اجل کا عوض لینا ناجائز ہے لیکن اس کی وجہ سے قیمت کا بڑھ جانا فطری اور عقلی بات ہے اور شریعت نے اس سے منع نہیں کیا ، اسی کو فقہاء اسلام نے یوں تعبیر کیا ہے:'' ان الاجل لا یقابلہ الثمن و ان الثمن یزاد لِلْاَجل '' ''ثمن ، اجل کا عوض نہیں ہوتی البتہ اجل کی وجہ سے اس میں اضافہ ہو سکتا ہے۔''

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1 مسلم؍کتاب البیوع؍باب بیع الطعام مثلًا بمثل 2 مسلم؍کتاب البیوع؍باب بیع الطعام مثلًا بمثل

3 مسلم؍کتاب البیوع؍باب بیع الطعام مثلًا بمثل

نفس اجل پر عوض لینے کی صورت یوں ہو سکتی ہے کہ ایک ماہ پر کسی چیز کا اُدھار سودا ہوا کہ اس کی قیمت ایک ہزار روپیہ ایک ماہ پر ادا ہو گی ، جب خریدار نے ایک ماہ بعد اس کی قیمت ادا نہ کی تو اسے کہا جائے کہ آپ دوسرے ماہ کے اختتام پر اس کی قیمت ادا کر دیں لیکن ساتھ پچاس روپے اضافی طور پر دیں۔ یہ صورت ناجائز ہے کیونکہ اس میں اجل کو فروخت کیا گیا ہے اور پچاس روپے اس اجل کا عوض ہیں اس کے برعکس اجل ایک وصف مرغوب ہے کہ مشتری کو فوری طو رپر رقم ادا نہیں کرنا پڑتی ، آسانی سے کام چلا لیتاہے۔ اس لیے وہ چیز اُدھار پر دینے کی وجہ سے اس کی قیمت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اس بیع مؤجل اور معاملہ سود میں فرق یہ ہے کہ سودی معاملہ میں اصل دین ( قرض) پر مہلت کے عوض اضافہ ہوتا ہے جبکہ بیع مؤجل میں مہلت کی وجہ سے بوقت عقد زیادہ قیمت طے کی جاتی ہے۔ دوسرا فرق یہ ہے کہ سودی معاملہ میں مدت کے بڑھنے کے ساتھ ساتھ اس زیادتی میں اضافہ ہوتا جاتا ہے جبکہ بیع مؤجل میں ایک ہی دفعہ قیمت زیادہ لگائی جاتی ہے ،بار بار ایسا نہیں کیا جاتا ، ہم اسے ایک مثال سے سمجھاتے ہیں:

اگر مشتری نے کوئی چیز دس روپے میں اس شرط پر خریدی کہ ایک ماہ بعد اس کی قیمت ادا کر ے گا اگر وہ ایک ماہ کے بجائے دو ماہ میں قیمت ادا کرے گا تو بھی وہ دس روپے ہی ادا کرے گا۔ اب مدت کی زیادتی کی وجہ سے قیمت میں زیادتی نہیں ہو گی۔ لیکن اگر بائع معاملہ طے ہونے کے بعد ایک ماہ کی تاخیر پر دو ، پھر دو ماہ کی تاخیر پر چار اور اسی طرح تین ماہ کی تاخیر پر چھ روپے اصل طے شدہ رقم سے زیادہ وصول کرے تو یہ سود ہے جو کسی صورت میں جائز نہیں ہے۔

قارئین کرام! جیسا کہ ہم پہلے بیان کر آئے ہیں کہ زیرِ نظر مسئلہ یعنی نقد اور اُدھار کے بھاؤ میں کمی بیشی کرنا شرعًا جائز ہے۔ کیونکہ یہ اُدھار خرید و فروخت کی ہی ایک صورت ہے جس کی شریعت نے اجازت دی ہے۔ اور اس کے متعلق صریح نصوص موجود ہیں ۔ تاہم اُدھار کی بناء پر قیمت زیادہ وصول کرنا فکر و نظر اور غورو خوض کی متقاضی ہے کیونکہ خریدو فروخت کی بعض صورتیں ایسی ہیں کہ ان میں اُدھار جائز نہیں ہے جیسا کہ سونے کے بدلے سونا یا گندم کے عوض گندم لینا اسی طرح بعض صورتیں ایسی ہیں کہ کسی طرف سے اضافہ حرام ہے جیسا کہ چاندی کے بدلے چاندی کا کاروبار کرنا ، نیز اُدھار کی وجہ سے قیمت بڑھا دینا کسی صریح نص سے ثابت نہیں ہے ۔ البتہ قرائن و شواہد اور استنباط و استخراج سے اس کا جواز ملتا ہے جس کی تفصیل حسب ذیل ہے:

''ارشاد باری تعالیٰ ہے: ''ایمان والو! جب تم ایک وقت مقررہ تک اُدھار کا لین دین کرو تو اسے لکھ لیا کرو'' [البقرۃ:۲۸۵]

اس آیت کو آیت مداینہ کہا جاتا ہے ، حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ اللہ کی قسم! اللہ تعالیٰ نے مقررہ مدت تک کیے ہوئے عقد سلم کے معاملہ کو اپنی کتاب میں آیت مداینہ کی رُو سے حلال قرار دے کر اس کی اجازت دی ہے۔'' (مستدرک حاکم:۲/۲۸۶)

عقد سلم کی تعریف محدثین اور فقہاء نے بایں الفاظ کی ہے:'' بیع اجل بعاجل'' نقد پیشگی قیمت دے کر آئندہ خرید کر دہ چیز وصول کرنے کا عقد ، اس اجمال کی تفصیل یہ ہے کہ اگر کوئی مشتری مقرر شرائط کی رعایت کرتے ہوئے کسی شخص کو ایک ہزار روپیہ دے اور یہ معاہدہ کرے کہ تم یہ رقم پیشگی وصول کر کے فلاں وقت میں مجھے اتنی گندم اس بھاؤ سے دینے کے پابند ہو اور بائع بھی مقرر شرائط کا لحاظ رکھتے ہوئے رقم وصول کر کے معاہدہ کرے تو اسے عقد سلم کہا جاتا ہے ، اس عقد کی ماہیت پر غور کرنے سے یہ حقیقت عیاں ہوتی ہے کہ مشتری وقتی طور پر یکمشت زر سلم کی ادائیگی پر تیار ہو کر مہینوں تک خرید کردہ چیز کی وصولی کا انتظار کرتا ہے ایسا کیوں ہے؟ کیا اس میں فریقِ ثانی کی خیر خواہی اور ہمدردی مقصود ہے ؟ ہر گز نہیں اگر ایسی بات ہوتی تو اسے قرض حسنہ دے کر مشکل کے وقت اس کے کام آتا۔ متعدد شرائط کی رعایت کر کے پیشگی رقم دے کر مہینوں تک خرید کردہ چیز کی وصولی کا انتظار کرنے سے اس کا بنیادی مقصد یہ ہوتا ہے کہ اسے مقررہ وقت پر خرید کردہ چیز ارزاں قیمت پر میسر ہو کیونکہ عقد سلم میں خرید کردہ چیز بائع کو بازار کی قیمت سے سستی پڑتی ہے۔

اس تفصیل سے یہ معلوم ہوا کہ عقد سلم میں قیمت کی پیشگی ادائیگی اور خرید کردہ چیز کی تاخیر سے اس چیز کی قیمت متاثر ہوتی ہے۔ عقد سلم میں ادھار شرط ہے جیساکہ امام بخاری نے اپنی صحیح میں ا س پر ایک عنوان بھی قائم کیا ہے اگر اس میں اُدھار نہ ہو تو عقد سلم کی حقیقت ہی ختم ہو جاتی ہے۔ لہٰذا جب بیع آجل بعاجل میں اُدھار کی وجہ سے قیمت میں تفاوت کا آنا ممنوع نہیں تو زیر نظر مسئلہ جو دراصل بیع عاجل بآجل ہے ۔ اس میں قیمت کا تفاوت کیوں ممنوع قرار دیا جائے۔ بلکہ نقد اور اُدھار کی وجہ سے خرید کردہ چیز اور اس کی قیمت کا متاثر ہو کر کم یا زیادہ ہونا غیر مشروع نہیں اور نہ ہی سود کے زمرے میں آتا ہے۔ (فتدبر)

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہما فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلمنے ابو الشحم نامی ایک یہودی سے جو اُدھار پر لیے اور اپنی زرہ اس کے ہاں گروی رکھی۔ (صحیح بخاری/کتاب البیوع/ باب شراء النبی بالنسیئۃ)

ہم یہودی کے اس معاملہ کا بغور جائزہ لیتے ہوئے ایک متعصب دشمن اسلام سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا معاملہ اور اس کے بعد روزمرہ ضروریات میں کام آنے وال چیز زرہ کو رہن رکھنے کے پس پردہ واقعات کا جائزہ لینے سے جو صورت سامنے آتی ہے اس میں زیرِ نظر مسئلہ کے جواز پر قوی شواہد موجود ہیں چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ معاشرہ میں جب کسی چیز کی مانگ زیادہ ہو تو اس کے خریدار بھی بڑھ جاتے ہیں اور جب خریدار زیادہ ہوں تو اس چیز کے نقد فروخت ہونے کے مواقع زیادہ ہوتے ہیں ایسے مواقع پر بائع اُدھار کی نسبت نقد کو زیادہ ترجیح دیتا ہے۔ ہاں اگر اسے اُدھار فروخت کرنے میں مالی منفعت زیادہ نظر آئے تو پھر اپنی صوابدید کے مطابق فیصلہ کرتا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلمکے اس معاملہ کے وقت مدینہ منورہ کی معاشی حالت یہ تھی کہ غلہ کی ضرورت بہت زیادہ تھی عمومًا لوگوں کو بیرونی قافلوں کے آنے کا انتظار کرنا پڑتا اور جب کبھی قافلہ آنے کی خوشخبری سنائی جاتی تو فاقہ زدہ معاشرہ کی حالت بسا اوقات غیر ہو جاتی۔چنانچہ ایک دفعہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم 1خطبہ جمعہ دے رہے تھے کہ قافلہ آنے کی خبر ملی ، خبر سنتے ہی صحابہ کرامرضوان اللہ علیھم اجمعین کی کثیر تعداد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خطبہ کی حالت میں اکیلے چھوڑ کر قافلہ کی طرف دوڑ پڑی او ر اس وقت خرید و فروخت کی مارکیٹ پر یہودیوں کا قبضہ تھا۔ وہ قافلہ سے غلہ خرید کر بعدمیں اپنی مرضی کی قیمت پر اسے فروخت کرتے تھے۔ ایسی ضرورت کی اشیاء میں انہیں نقد کا گاہک بسہولت میسر تھا۔ یہ لوگ نقد کی بجائے اُدھار کو ترجیح کسی شوق یا جذبہ ہمدردی کی وجہ سے نہ دیتے تھے بلکہ مالی منفعت کی خاطر اُدھار کا معاملہ کرتے تھے ۔ ایسے حالات میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اُدھار کے معاملہ سے غالب گمان یہی ہے کہ نقد کی نسبت سے اُدھار کی قیمت کا تفاوت لازمی طور پر اختیار کیا گیا ہو گا ، مالی منفعت اور زیادہ قیمت کی وصولی کے سوا یہودی کے اس اقدام کے لیے اور کوئی دوسرا محرک نظر نہیں آتا تھا۔

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1 بخاری؍کتاب التفسیرسورۃ الجمعۃ؍باب واذارأو تجارۃ او لھوا ۔مسلم؍کتاب الجمعۃ؍باب فی قولہ تعالیٰ واذآ رأوا تجارۃ اولھوا ۔ ترمذی؍کتاب التفسیر سورۃ الجمعۃ۔

آخر میں ہم شیخ عبدالعزیز بن باز کا ایک فتویٰ درج کیے دیتے ہیں کیونکہ اس فتویٰ سے مزید کئی پہلو روشن ہوتے ہیں۔ شیخ صاحب سے کسی نے بایں الفاظ سوال کیا:

''بیع میں اگر نقد کی نسبت اُدھار یا قسطوں پر قیمت زیادہ ہو تو اس کا کیا حکم ہے؟ ''

اس پر آپ نے حسب ذیل جواب دیا:

'' معلوم مدت والی بیع جائز ہے جبکہ اس بیع میں معتبر شرائط پائی جاتی ہوں ، اس طرح قیمت کی قسطیں کرنے میں بھی کوئی حرج نہیں جبکہ یہ اقساط معروف اور مدت معلوم پر مشتمل ہوں چنانچہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

'' اے ایمان والو! جب تم ایک مقررہ مدت کے اُدھار پر لین دین کرو تو اسے لکھ لیا کرو۔'' (البقرۃ:۲۸۲)

نیز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ؛''جب کوئی شخص کسی چیز میں بیع سلم کرے تو ناپ تول اور مدت معین کر کے کر لے۔'' (صحیح بخاری) 1

حضرت بریرہ رضی اللہ عنہما کے متعلق احادیث میں ہے کہ انہوں نے خود کو اپنے مالکوں سے نواوقیہ چاندی میں خرید لیاکہ ہر سال ایک اوقیہ چاندی ادا کر نا ہوگی۔ (صحیح بخاری) …2

یہی قسطوں والی بیع ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس بیع کو معیوب خیال نہیں کیا بلکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم خاموش رہے اس سے منع نہیں فرمایا اور اس سے کچھ فرق نہیں پڑتا کہ قسطوں میں قیمت نقد کے برابر ہو یا مدت کی وجہ سے زیادہ ہو۔ (فتاویٰ شیخ عبدالعزیز بن باز:۱۴۲)

ایک اور فتویٰ میں آپ نے اس روایت سے بھی اس کے جواز پر استدلال کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عبداللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ سے فرمایا تھا کہ ایک لشکر ترتیب دیں اور اس کے لیے لوگوں سے حاضر اونٹ اس شرط پر خرید لیں کہ جب زکوٰۃ کے اونٹ آئیں گے تو ایک اونٹ کے عوض دو اونٹ دیے جائیں گے۔ (مستدرک حاکم و بیہقی) 3

ان قرائن و شواہد کی بنا ء پر ہم کہتے ہیں کہ نقد اور اُدھار کی قیمت میں فرق کیا جا سکتا ہے اور اُدھار کی اقساط بنانے میں کوئی حرج نہیں ہے لیکن یہ معاملہ غلط ہے کہ اگر کسی ایک قسط میں دیر ہو جائے تو اس کی باقی اقساط ضبط کرلی جائیں یامدت بڑھا کر ان میں اضافہ کر دیا جائے ایسا کرنا سراسر زیادتی اور ظلم کے ساتھ ساتھ صریح سود ہے۔ (واللہ اعلم )

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1 بخاری؍کتاب السلم؍باب السلم فی کیل معلوم۔ مسلم؍کتاب البیوع؍باب السلم۔ ترمذی؍کتاب البیوع؍باب ما جاء فی السلف فی الطعام والتمر۔ ابن ماجہ؍کتاب التجارات؍باب السلف فی کیل معلوم و وزن معلوم الی أجل معلوم۔

2 بخاری؍کتاب المکاتب ؍باب استعانۃ المکاتب وسؤالہ الناس۔

3 ابو داؤد؍کتاب البیوع؍باب فی الرخصۃ حدیث ضعیف ہے۔ وضاحت ص:۵۱۶ پر ملاحظہ فرمائیں۔

از عبدالمنان نور پوری بطرف محترم محمد بشیر سیالکوٹی

(رئیس التحریر مجلۃ ''نداء الاسلام'' حفظھما اللہ القدوس السلام)

السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ:…

اما بعد! میں نے آپ کے مجلہ '' نداء الاسلام '' کے سال چہارم کے پہلے شمارہ کا مطالعہ کیا ، اس میں میں نے جناب دکتور حسین مطاوع الترتوری حفَظہُ اللّٰہُ تَبَارَکَ وَتَعَالیٰ ، وَبَارَکَ فِیْ عِلْمِہِ وَعَمَلِہٖ ، وَوَفَّقَنا وَإِیَّاہُ لِمَا یُحِبُّہُ وَیَرْضَاہُکا مضمون''قسطوں کی بیع'' پڑھا ، جس میں انہوں نے قسطوں کو جائز قرار دیا ہے۔ چنانچہ اس مضمون کی فصل '' مُنَاقَشَۃُ الْأدِلَّۃِ وَبَیَانُ الرَّاجِحِ'' ( دلائل کا مناقشہ اور راجح چیز کا بیان) میں فرماتے ہیں:

''راجح ۔ واللہ اعلم۔ یہی ہے کہ قسطوں کی بیع جائز ہے خواہ اس میں قیمت زیادہ ہی دینی پڑے ، بشرطیکہ خریدو فروخت کے وقت شروع میں ہی یہ بات ہو جائے ( کہ پیسے تاخیر سے دینے ہیں اور اتنی مقدار میں دینے ہیں) ترتوری صاحب مضمون کے آخر میں فرماتے ہیں:

خلاصہ یہ ہے کہ قسطوں کی بیع جائز ہے……

صاحب مضمون کے دلائل:

صاحب مضمون نے اپنے دعویٰ کے اثبات کے لیے مندرجہ ذیل چند دلائل پیش کیے ہیں:

۱۔ اللہ تعالیٰ کے اس فرمان:[وَأَحَلَّ اللّٰہُ الْبَیْعَ (اللہ تعالیٰ نے خریدو فروخت حلال کی ہے(البقرۃ:۲۷۵) کے تحت قسطوں کی بیع بھی داخل ہے۔

۲۔ اللہ تعالیٰ کے فرمان: [یَآ اَیُّھَا الَّذِیْنَ آمَنُوْا لَا تَأْکُلُوْا أَمْوَالَکُمْ بَیْنَکُمْ بِالْبَاطِلِ إِلاَّ أَنْ تَکُوْنَ تِجَارَۃً عَنْ تَرَاضٍ مِِّنْکُمْ[ (اے ایمان والو! اپنے مال آپس میں باطل طریقے سے نہ کھاؤ ، مگر یہ کہ باہم رضا مندی سے تجارت ہو۔) (النساء:۲۹) کے تحت بھی داخل ہے۔

۳۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث: (( لَا یَحِلُّ مَالُ امْرِیٍ مُسْلِمٍ إِلاَّ عَنْ طِیْبِ نَفْسٍ ) ) (کسی مسلمان کا مال جائز نہیں مگر اس کی خوشنودی سے ) (مستدرک علی الصحیحین للحاکم کتاب العلم:۳۱۸۔ سنن دار قطنی کتاب البیوع:۹۲) سے بھی قسطوں کی بیع کی اجازت ہے۔

۴۔ اصل میں تمام معاملات ، لین دین جائز ہیں ، جب تک کوئی منع کی دلیل وارد نہ ہو ، اور جو آدمی کہتا ہے کہ قسطوں کی بیع جائز نہیں اس کے پاس کوئی ایسی دلیل موجود نہیں جس سے قسطوں کی بیع کی ممانعت نکلتی ہو۔

۵۔ لوگوں کو ایک چیز کی ضرورت ہو اور نقد پیسے نہ ہوں تو آسان قسطوں پر چیز کو اس کے ریٹ سے مہنگا خرید لینے میں ان کو کوئی دشواری نہیں ہوتی۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: [وَمَا جَعَلَ عَلَیْکُمْ فِی الدِّیْنِ مِنْ حَرَجٍ[ (اللہ تعالیٰ نے دین میں تم پر کوئی تنگی نہیں ڈالی۔) [الحج:۷۸] اور فرماتا ہے: [یُرِیْدُ اللّٰہُ بِکُمُ الْیُسْرَ وَلَا یُرِیْدُ بِکُمُ الْعُسْرَ[ (اللہ تمہارے ساتھ آسانی چاہتا ہے اور تمہارے ساتھ تنگی نہیں چاہتا۔) [البقرۃ: ۱۸۶]

۶۔ اس وقت ایسے محسنوں کی کمی ہے جو اپنے ضرورت مند بھائیوں کو قرضِ حسنہ دے سکیں۔

۷۔اس سے سود کا دروازہ بند ہو گا کیونکہ ایک آدمی کو جب ایک چیز کی ضرورت ہو اور اس کے پاس اسے خریدنے کے لیے پیسے نہ ہوں ، نہ ہی کوئی قسطوں پر بیچنے کے لیے تیار ہو تو اُسے وہ چیز خریدنے کے لیے سود پر پیسے لینے پڑیں گے۔

۸۔ قیمت میں اضافہ کا جواز تا خیر کا بدل و معاوضہ ہے۔

دلائل کا تجزیہ:

ان آٹھ دلائل میں کوئی دلیل بھی ایسی نہیں ، نہ کوئی اور دلیل ایسی ہے جو صاحب مضمون کے دعویٰ ''قسطوں کی بیع کے جواز'' کو ثابت کر سکے۔

۱،۲،۳ ( پہلے تین دلائل تو اس لیے دلیل نہیں بنتے کہ غیر شرعی خریدو فروخت اور تجارتیں سرے سے ان تینوں دلائل کے عموم میں داخل ہی نہیں ، اور اگر داخل ہیں تو شریعت نے ان عمومی دلائل سے نکال کر ان کا بطورِ خاص الگ حکم بتایا ہے ۔ ورنہ لازم آئے گا کہ ان کے ساتھ(۱) شراب اور خنزیر کی خریدو فروخت (ب) گندم کی خریدو فروخت برابر وزن سے ، ایک جانب سے نقد اور دوسری جانب سے اُدھار۔ (ج) دونوں جانب سے گندم نقد ہو لیکن ایک فریق زیادہ لے۔ (د) ایک فریق کم لے اور دوسرا زائد لے جبکہ ایک اُدھار کرے۔ تو یہ اور اس طرح دوسری بیوع اور تجارتیں اگر رضا مندی سے ہو جائیں تو جائز ہونی چاہئیں؟ لیکن ظاہر ہے کہ سود ہیں تو قسطوں کی بیع بھی صرف رضا مندی کی وجہ سے کیسے جائز ہو گئی؟

صاحب مضمون بھی اس طرح کی خریدو فروخت اور تجارت کو اس بناء پر جائز قرار نہیں دیتے کہ یہ ان دلائل کے عموم کے تحت داخل ہیں ، اس لیے کہ شریعت نے ان کو اور اس طرح کی دوسری بیوع اور تجارات کو حرام قرار دیا ہے۔ اور قسطوں کی بیع بھی انہی بیوع میں سے ہے جنہیں شریعت نے حرام کیا ہے کیونکہ اس میں زیادہ منافع صرف تاخیر کی وجہ سے لیا جاتا ہے۔ اور صرف تاخیر وقت کا منافع شریعت میں جائز نہیں ، جس طرح سود ( قرض کے سود اور بیع کے سود) کی حرمت کے بہت سے دلائل سے سمجھ آتا ہے ۔ پھر قسطوں کی بیع ان بیوع سے ہے جن پر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فرمان صادق آتاہے:

(( مَنْ بَاعَ بَیْعَتَیْنِ فِیْ بَیْعَۃٍ فَلَہٗ أَوْکَسُھُمَا أَوِ الرِّبَا ) ) (''جس نے ایک بیع( چیز فروخت) کے دو بھاؤ لگائے تو اس کے لیے کم ریٹ اور بھاؤ لینا جائز ہے اور اگر زیادہ لیا تو سود ہو گا۔'')

یہ مسئلہ آگے آ رہا ہے۔ اِنْ شَآئَ اللّٰہُ تَبَارَکَ وَتَعَالیٰ

لہٰذا ان تین اور ان کے علاوہ دوسرے دلائل سے قسطوں کی بیع کے جواز پر استدلال کرنا درست نہیں۔

چوتھی دلیل اس لیے نہیں بنتی کہ یہاں قسطوں کی بیع کی ممانعت کی مضبوط دلیل موجود ہے اور وہ یہ ہے کہ قسطوں کی بیع کا انحصار اس پر ہے کہ اس میں صرف تاخیر اور دیر سے ادائیگی کرنے پر منافع لیا جاتا ہے اور یہ ایسی بیوع سے ہے جن پر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ قول: (( مَنْ بَاعَ بَیْعَتَیْنِ فِیْ بَیْعَۃٍ فَلَہٗ أَوْکَسُھُمَا أَوِ الرِّبَا ) )صادق آتا ہے۔

پانچویں پیش کردہ دلیل اس لیے صحیح نہیں کہ اس سے شریعت میں ہر حرام کردہ چیز اس وجہ سے جائز اور حلال ٹھہرے گی کہ لوگوں کو اس کی ضرورت ہے مثلًا:

کسی آدمی کو ایک چیز کی ضرورت ہو لیکن خریدنے کے لیے پیسے نقد موجود نہیں ، وہ کسی آدمی سے پیسے لے کر چیز خرید لے اور بعد میں اسے پیسے واپس کر ے تو اضافی رقم بھی ادا کرے اور یہ معاملہ اور لین دین سود کے باوجود حلال ٹھہرے ؟ نہیں۔ ہر گز نہیں! لہٰذا اصل یہی ہے کہ جو چیز شریعت نے حرام کی ہے وہ حرام ہی ہے لوگوں کو اس کی ضرورت پڑے یا نہ پڑے ۔ چیز خریدنے کے لیے نقد قیمت ملے یا نہ ملے۔ اور قسطوں کی بیع حرام بیوع سے ہے ، یہ رفع حرج اور ارادۂ یسر کے قاعدہ ( کہ شریعت میں تنگی نہیں آسانی ہے) کے زمرے میں نہیں آتی ۔ جن کے پاس نقد قیمت موجود ہے اور جن کے پاس موجود نہیں سب پر لازم ہے کہ حلال کو لازم پکڑیں اور حرام سے اجتناب کریں، جو آدمی حلال لینا چاہے وہ حرام سے بچ جاتا ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (( وَمَنْ یَّسْتَعِفَّ یُعِفَّہُ اللّٰہُ ، وَمَنْ یَّستَغْنِ یُغْنِنْہُ اللّٰہُ ) ) (جو پاکدامنی اختیار کرنا چاہے اللہ سبحانہ و تعالیٰ اسے پاکدامن بنا دیتا ہے اور جو حرام سے بچنا چاہے اللہ سبحانہ و تعالیٰ اسے حرام سے بچا لیتا ہے ۔) 1 اور اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: [وَمَنْ یَّتَّقِ اللّٰہَ یَجْعَلْ لَّہٗ مَخْرَجًا وَیَرْزُقْہُ مِنْ حَیْثُ لَا یَحْتَسِبْ وَمَنْ یَّتَوَکَّلْ عَلَی اللّٰہِ فَھُوَ حَسْبُہٗ إِنَّ اللّٰہَ بَالِغُ أَمْرِہٖ قَدْ جَعَلَ اللّٰہُ لِکُلِّ شَیْئٍ قَدْرًا[الطلاق:۳] ('' جو اللہ تعالیٰ سے ڈرے وہ اس کے لیے کوئی نکلنے کا راستہ بنا دیتا ہے اور اسے وہاں سے رزق عطا فرماتا ہے جہاں سے اُسے اُمید بھی نہیں ہوتی اور جو اللہ پر بھروسہ کر لے تو وہ اُسے کافی ہو جاتا ہے ۔ بے شک اللہ تعالیٰ اپنے کام کو پورا کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ نے ہر چیز کا ایک اندازہ لگا رکھا ہے۔'') لہٰذا اللہ تعالیٰ کے یہ فرامین: [وَمَا جَعَلَ عَلَیْکُمْ فِی الدِّیْنِ مِنْ حَرَجٍ [الحج:۸۷] اور [یُرِیْدُ اللّٰہُ بِکُمُ الْیُسْرَ وَلَا یُرِیْدُ بِکُمُ الْعُسْرَ[البقرۃ:۱۸۵] (''اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی حرام کردہ چیزوں کو دفعِ حرج اور رفع عسر( تنگی اُٹھانا اور دور کرنا) کے دعویٰ سے حلال نہیں کرتے۔'') ورنہ لازم آئے گا کہ ہر حرام حلال ہو جائے اور یہ ٹھیک نہیں۔

چھٹی دلیل بھی صحیح نہیں ، کیونکہ اسے صحیح ماننے سے شریعت کی ہر حرام کردہ چیز اس علت اور وجہ سے حلال ٹھہرے گی کہ جی 1 ایسے محسنین کی کمی ہے جو لوگوں کو اپنے مال بطورِ قرض حسنہ دیں ۔ اور یہ علت بھی کمزور ہے۔

ساتویں دلیل سے بھی '' قسطوں کی بیع کا جواز'' ثابت نہیں ہوتا ، اس لیے کہ (ا) قسطوں کی بیع ' سودی بیع ہے جس میں زائد منافع ادائیگی کی تاخیر کی وجہ سے ہوتا ہے جو کہ شریعت میں سود کہلاتا ہے۔ (ب) نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (( مَنْ بَاعَ بَیْعَتَیْنِ فِیْ بَیْعَۃٍ فَلَہٗ أَوْکَسُھُمَا أَوِ الرِّبَا ) )دراصل قسطوں کی بیع میں تھوڑے درہم یا دینار کی زیادہ کے بدلے بیع ( خریدو فروخت) ہوتی ہے اور یہ تو سود کے لیے واضح طور پر حیلہ ہے ( یہ مسئلہ ان شاء اللہ تعالیٰ آگے آرہا ہے)

لہٰذا پتہ چلا کہ قسطوں کی بیع سے سود کا راستہ بند نہیں ہوتا بلکہ یہ سود کا بہت بڑا دروازہ خوب کھول دیتی ہے۔

آٹھویں دلیل سے صاحب مقال کا دعویٰ اس لیے ثابت نہیں ہوتا کہ ذکر کردہ دلیل ''قیمت میں تاخیر کے عوض اضافہ کا جواز'' نہ قرآن سے ثابت ہے نہ نبی صلی اللہ علیہ وسلمکی کسی حدیث سے بلکہ یہ صرف دعویٰ ہے۔ ہاں 1 یہ ضرور ثابت ہے کہ قیمت مؤجل ہونے کی بناء پر نفع لینا ( اور اس میں زائد قیمت بھی آگئی) جائز نہیں۔ اور سود کی حرمت کے بہت سارے دلائل اس پر دلالت کرتے ہیں۔

جو لوگ ''قسطوں کی بیع'' کو اس وجہ سے سودی بیع کہتے ہیں کہ اس میں صرف ادائیگی کی تاخیر کی وجہ سے پیسے زیادہ لیے جاتے ہیں ، اس کا جواب دیتے ہوئے صاحب مضمون کہتے ہیں:

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1 بخاری؍کتاب الزکاۃ؍باب لا صدقۃ الا عن ظھر غنا:۱۴۲۸۔ مسلم؍کتاب الزکاۃ؍باب فضل التعفف والصبر:۱۰۵۳

'' یہ استدلال صحیح نہیں ، اس لیے کہ بیع شروع سے ہی معین قیمت پر ہوئی ہے کہ اتنے عرصے میں ادائیگی ہو گی اور اتنا ریٹ ہے۔ دوسرے ریٹ کی بات ہی نہیں ہوئی۔ اور ایسا جب فریقین کی رضا مندی سے طے ہو جائے تو جائز ہے۔''

جواب: …

اس کے کئی جواب ہیں:

(۱) صاحب مضمون''پہلے خود '' قسطوں کی بیع'' کی اہم خصوصیات بیان کر چکے ہیں کہ:

(ا) (۱) سامان ( قابل فروخت) فوری دیا جائے گا۔ (۲) قیمت مؤجل ہو گی اور قسطوں میں دی جائے گی۔ (۳) قیمت میں اضافہ تاخیر کا عوض ہے۔

(ب) پھر یہ بھی کہہ کر آئے ہیں کہ تیسری بات ( قیمت میں اضافہ تاخیر کی نظیر ہے) میں اختلاف ہے۔

(ج) پھر کہتے ہیں کہ '' قیمت میں اضافہ تاخیر کی نظیر ہے۔'' کوجائز قرار دینے والوں کی دلیل یہی ہے کہ قیمت میں اضافہ تاخیر کی نظیر ہے۔

آپ کو یہ معلوم ہو چکا ہے کہ صاحب مضمون نے اپنے ان تینوں اقوال میں ''قسطوں کی بیع میں '' قیمت میں اضافہ کو تاخیر اور ادائیگی کا عوض و بدل ٹھہرایا ہے لیکن اب کہہ رہے ہیں کہ:

''قیمت جو طے ہو رہی ہے وہ سامان ( قابل فروخت) کی پوری قیمت ہے۔''

ان کے پچھلے تین اقوال اور اس قول میں واضح تضاد ہے ، کیونکہ جب قیمت سامان کی پوری قیمت بن رہی ہو تو پھر ''قیمت میں اضافہ تاخیر کا عوض و بدل ہے ''باقی نہیں رہتا۔ اور جب '' قیمت میں اضافہ تاخیر کا عوض و بدل ہو'' سامان فروخت کی قیمت اس کی پوری قیمت نہیں ہو سکتی۔ یہ بالکل واضح بات ہے جسے ذہین اور کند ذہن سبھی جانتے ہیں۔

دوسرا جواب یہ ہے کہ جب ساری قیمت جو قسطوں میں قابل ادا ہے سامان کی کل قیمت ہے اور ادائیگی کی تاخیر کی وجہ سے اس میں کوئی اضافہ نہیں کیا تو پھر تو یہ بیع ''قسطوں کی بیع'' رہتی ہی نہیں۔ (کیونکہ قسطوں کی بیع میں تاخیر ادائیگی کی وجہ سے پیسے زیادہ دینے پڑتے ہیں) اور جب یہ صورت '' قسطوں کی بیع '' والی بنتی ہی نہیں تو صاحب مضمون کا یہ جواب اسے سود کہنے والوں کے لیے جواب نہیں بنتا۔

اگر قسطوں میں ادا ہونے والی رقم سامانِ فروخت کی کل قیمت ہے اور تاخیر ادائیگی کی وجہ سے ریٹ نہیں بڑھایا گیا تو اگر یکبارگی ساری رقم ادا کر دی جائے تو ریٹ کم نہیں ہونا چاہیے جب کہ ایسا نہیں ہوتا۔

''قیمت ( قابل ادا) کو سامان کی مکمل اور پوری قیمت کہنا'' اس کا دارو مدار اس بات پر ہے کہ ''شروع سے ایک معین ریٹ ہی طے پایا جائے گا لیکن ابتداء میں ایسا ہو جانے سے وہ بیع صحیح نہیں ہو جاتی 1 دیکھئے:

ایک آدمی دوسرے سے کہتا ہے: میں تجھے یہ ''درہم'' ایک درہم اور چوتھائی درہم'' کے عوض بیچتا ہوں ( جبکہ قیمت میں دونوں برابر ہوں) یا کہتا ہے: میں تمہیں یہ سودا دو درہم اُدھار میں بیچتا ہوں ( جبکہ نقد اس سودے کی قیمت دو درہم سے کم ہو) اور دوسرا آدمی کہہ دے: مجھے یہ بیع اور سودا قبول ہے'' اس سے ''درہم اور چوتھائی درہم '' ایک درہم کی پوری قیمت نہیں بنتی ۔ نہ ہی دو درھم سامان کی پوری قیمت بنتے ہیں ( بالکل قیمت زیادہ ہے) یہ اضافی ریٹ ادائیگی کی تاخیر کی وجہ سے ہے۔ تو اب یہ بیع اس دلیل سے جائز نہیں ہو جائے گی کہ ''بیع ابتداء ہی سے معین ریٹ پر ہوئی تو کل قیمت سامان کی پوری قیمت ہی ہے''

شریعت جو ''نقد درہم کی اُدھار درھم سے بیع '' کو سود قرار دیتی ہے ''قسطوں کی بیع '' بالاولیٰ سود قرار دیتی ہے کیونکہ اس میں تو ادائیگی کی تاخیر کی وجہ سے قیمت زیادہ لی جاتی ہے جبکہ ''نقد درہم کی اُدھار درھم سے بیع '' میں بھی زیادہ قیمت نہیں لی جاتی اور پھر بھی سود ٹھہر تا ہے۔ اسی طرح جب شریعت میں ''نقد گندم کی اُدھار جو سے بیع '' سود ہے تو قسطوں کی بیع با لأولیٰ سود ہے ۔ لہٰذا واضح ہو گیا کہ قسطوں کی بیع سود کی ایک شکل ہی ہے[وَأَحَلَّ اللّٰہُ الْبَیْعَ وَحَرَّمَ الرِّبٰوا[''اور اللہ نے بیع کو حلال اور سود کو حرام کیا ہے۔''

حجم الخط:
شارك الصفحة
فيسبوك واتساب تويتر تليجرام انستجرام
. . .
فضلًا انتظر تحميل الصوت