مخالفین حق جب حق کے دلائل کے سامنے عاجز آجاتے ہیں تو ان کا آخری حربہ یہ ہوتاہے کہ تمہیں اپنی بستی سے نکال دیں گے ۔ قومِ لوط نے بھی یہی کہاتھاکہ آل لوط کو اپنے شہر سے نکال دو ۔ مشرکین مکہ نے بھی یہی منصوبہ بنایا اور یہ بھی کہاکہ قید کرلو، قتل کرو یا ملک سے باہر نکال دو ۔ اگرچہ وہ مکر کرتے رہے لیکن اللہ بھی ان کے داؤ میں تھا۔ اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو سلامتی کے ساتھ مکے سے مدینے لے گیا ۔ مدینے والوں کو آپ کاانصار و مدد گار بنادیا ۔ وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لشکر میں شامل ہو کر کافروں سے لڑے اور بتدریج اللہ تعالیٰ نے آپ کو ترقیاں دیں یہاں تک کہ بالآخر مکہ بھی فتح کرلیا ۔ دشمنان دین کے منصوبے خاک میں مل گئے ۔ اللہ کادین لوگوں کے دلوں میں مضبوط ہوگیا اور تھوڑے سے وقت میں مشرق سے مغرب تک اشاعت اسلام ہوگئی ۔ یہاں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ ادھر کفار نے نبیوں کو دھمکایا ادھر اللہ نے ان سے سچا وعدہ فرمایا کہ یہی ہلاک ہوں گے۔