51۔ آیت 56 میں گذر چکا ہے کہ منافقین قسمیں کھا کر مسلمانوں کو باور کراتے تھے کہ وہ بھی انہی کی طرح مخلص مسلمان ہیں۔ اس آیت میں انہی منافقین کی تردید کی گئی ہے کہ منافقین چاہے مرد ہوں یا عورتیں نفاق، خست، دناءت اور عدم ایمان میں سبھی ایک جیسے ہیں، اور سب کے حالات مومنوں کے حالات سے بالکل مختلف ہیں، برائی کا حکم دیتے ہیں اور بھلائی سے روکتے ہیں، صلہ رحمی، جہاد اور کسی بھی خیر کے کام میں خرچ نہیں کرتے ہیں، اور اللہ کی یاد سے قطعی طور پر غافل ہوتے ہیں اس لیے آخر کار اللہ نے بھی انہیں بھلا دیا، اور اپنی رحمت سے محروم کردیا، اور اس لیے بھی کہ منافقین اپنے کفر و سرکشی میں انتہا کو پہنچے ہوئے ہیں۔
آیت 68 میں ان کا اخروی انجام بتایا گیا کہ جہنم ان کا ٹھکانا ہوگا اور یہ سزا ان کے لیے کافی ہوگی، اور ان پر اللہ کی لعنت برس رہی ہوگی، اور جس عذاب میں وہ مبتلا ہوں گے وہ دائمی ہوگا کبھی ختم نہ ہوگا۔ العیاذ باللہ۔