سورۃ الحجرات مدنی ہے، اس میں اٹھارہ آیتیں اور دو رکوع ہیں
تفسیر سورۃ الحجرات
نام: آیت (4) (ان الذین ینادونک من وراء الحجرات اکثرھم لایعقلون) سے ماخوذ ہے۔
زمانہ نزول: قرطبی لکھتے ہیں کہ یہ سورت تمام کے نزدیک مدنی ہے۔ ابن عباس (رض) سے بھی یہی مروی ہے، اس کے مضامین کا تتبع کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ عہد مدنی کے آخری دور میں نازل ہوئی تھی اور یہ کہ پوری سورت ایک ہی وقت نازل نہیں ہوئی، بلکہ اس کی آیتیں مختلف اوقات میں نازل ہوئیں جنہیں رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے ایک جگہ جمع کردیا ہے اس کا سب سے اہم مضمون ان آداب کی تعلیم ہے، جن کا ہر مسلمان کو نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ساتھ معاملہ کرتے وقت لحاظ رکھنا ضروری ہے، تاکہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی شان میں ان سے گستاخی نہ ہوجائے اور آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو ان سے کوئی تکلیف نہ پہنچے۔