(4) کافرو ناشکر گزار انسان کی زجر و توبیخ کی گئی ہے اور اس آخرت میں اپنے انجام پر غور کرنے کی دعوت دی گئی ہے تاکہ گناہوں سے تائب ہو کر اپنے رب کی طرف رجوع کرے، اپنی اصلاح کرے اور آخرت کو کامیاب بنانے کی فکر کرے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: کیا مغرور انسان کو معلوم نہیں کہ جس دن اللہ تعالیٰ قبروں سے تمام مردوں کو باہر نکال دے گا اور انسانوں کے سینوں میں جو بھی خیر و شرچھپا ہوگا وہ تمام باہر کردیئے جائیں گے کوئی چیز چھپی نہیں رہے گی اس دن ان کا رب ان کے ظاہر و باطن تمام اعمال سے خوب باخبر ہوگا، اور ان اعمال کا انہیں پورا پورا بدلہ چکائے گا۔
مفسرین لکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کے تمام اعمال سے ہر وقت باخبر ہے، لیکن قیامت کے دن بطور خاص اس کے باخبر ہونے سے مقصو دیہ ہے کہ اس دن وہ انہیں ان کے اعمال کا بدلہ اپن علم کی بنیاد پر دیگا اور ان کا کوئی عمل اس سے چھپا نہیں رہے گا۔