(11) قوم ثمود نے بھی رسولوں کی تکذیب کی، اس لئے کہ صالح (علیہ السلام) کی تکذیب گویا سارے انبیاء کی تکذیب تھی، یا ان نشانیوں کی تکذیب کی جنہیں پیش کر کے صالح (علیہ السلام) نے انہیں دعوت توحید دی تھی۔
انہوں نے کہا: یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ ہم اپنی ہی قوم کے ایک فرد کو رسول مان لیں اور پوری جماعت کو چھوڑ کر اس کی پیروی کرنے لگیں، اللہ کے رسول کو تو انسانوں سے اعلیٰ جنس یعنی فرشتہ ہونا چاہئے۔ اس لئے اگر ہم صالح کی بات مان کر اس کی پیروی کرنے لگیں گے تو حق سے دور اور مجنونوں کی صف میں آجائیں گے۔