(39) اللہ کی ذات برحق ہی ارض و سماء میں عبادت کئے جانے کے لائق ہے، ہر تعظیم و محبت کا وہی تنہا مستحق ہے اور ہر بندے کی ذلت و انکساری صرف اسی کے لئے جائز ہے، اس کا ہر فعل مبنی برحکمت اور اس کا علم مخلوق کے تمام احوال و کوائف کو گھیرے ہوئے ہے، اس کی ذات بیوی اور اولاد کی محتاج نہیں ہے، وہ اس عیب سے برتر و بالا ہے، آسمانوں اور زمین اور ان کے درمیان کی ہر شے کا وہی تنہا مالک ہے۔ اس کے سوا کسی کو خبر نہیں کہ قیامت کب واقع ہوگی اور سب کو اسی کے پاس لوٹ کر جانا ہے، جہاں وہ ہر ایک کو اس کے کئے کا بدلہ دے گا۔ مفسرین لکھتے ہیں کہ اس آخری جملہ میں کفر و شرک اور دیگر معاصی کا ارتکاب کرنے والوں کے لئے زبردست دھمکی ہے۔