(2) فرشتوں کی قسم کھا کر انسانوں کے عرف عام کے مطابق، اللہ تعالیٰ نے ان کے ذہنوں میں یہ بات بٹھانی چاہی ہے کہ اللہ ایک ہے، اس کا کوئی ساجھی نہیں ہے، وہی ہر ایک کا پیدا کرنے والا اور سب کو روزی دینے والا ہے، وہی آسمانوں اور زمین اور ان کے درمیان کی ہر چیز کا رب ہے اور وہی مشرق و مغرب کا رب ہے آسمان اور زمین کا وجود اور جب سے دنیا قائم ہوئی ہے شمس و قمر کا مکمل نظم و نسق کے ساتھ چلتے رہنا اور اس میں ذرہ برابر فرق نہ آنا، اس بات کی واضح ترین دلیل ہے کہ ان کا پیدا کرنے والا موجود ہے، اور وہ ایک ہے جو مالک کل ہے اور وہی اپنی مرضی کے مطابق ان میں تصرف کرتا ہے، کسی دوسرے کا کوئی دخل نہیں ہے۔