26۔ قیامت کے دن جنت نیک بختوں کے قریب کردی جائے گی جسے دیکھ کر وہ خوش ہوں گے، اور جہنم بدبختوں کے سامنے کردی جائے گی، جسے دیکھ کر غم و حسرت سے ان کے دل پارہ پارہ ہوں گے، اور جہنمیوں سے کہا جائے گا کہ جن معبودوں کی تم اللہ کے سوا پرستش کرتے تھے وہ کہاں چلے گئے، انہیں ہمارے سامنے لاؤ، کیا آج وہ تم سے یا اپنے آپ سے عذاب کو ٹال سکیں گے، یہاں معبود سے شیاطین اور جن و انس کے وہ مجرمین مراد ہیں جو دنیا میں اپنے لیے شرک کو گوارہ کرتے تھے۔
آیت 94، 95 میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ انہیں اور ان کی عبادت کرنے والے گمراہوں کو منہ کے بل گھسیٹ کر جہنم میں ڈال دیا جائے گا، جس میں لڑھکتے ہوئے اس کی آخری کھائی تک پہنچ جائیں گے، اور ان کے ساتھ ابلیس کے ان پیروکاروں اور مددگاروں کو بھی اس میں ڈال دیا جائے گا جو لوگوں کو شرک و معاصی اور زمین فساد اور ارتکاب جرائم پر ابھارتے تھے۔