(23) قوم ابراہیم کے پاس جب اپنے شرک و کفر کی تائید میں کوئی دلیل باقی نہیں رہی اور ابراہیم (علیہ السلام) کی صریح اور واضح دلیل نے انہیں لاجواب کردیا تو انہوں نے ظلم و جبروت کی راہ اختیا رکی، جو حق کی آواز کو دبانے کے لئے ظالموں اور جابروں کا ہمیشہ سے شیوہ رہا ہے۔ انہوں نے طے کیا کہ ایک بہت بڑی آگ جلا کر ابراہیم کو اس میں ڈال دیں۔ آیت (89) میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ انہوں نے ابراہیم کے خلاف سازش کی اور ان کو نیچا دکھانا چاہا، لیکن اللہ نے انہیں ہی ذلیل و رسوا کیا، ان کی سازش یکسر ناکام رہی اور آگ ابراہیم کے لئے ٹھنڈی اور سلامتی بن گئی۔