فهرس الكتاب

الصفحة 2888 من 6343

(6) مشرکین مکہ کا جو شبہ اوپر بیان کیا گیا ہے کہ محمد اگر اللہ کا رسول ہے تو اسے خزانہ کیوں نہیں دے دیا جاتا ہے، یا اس کے لیے کوئی باغ ہی کیوں نہیں وجود میں آجاتا ہے، اسی کی تردید کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ نے نبی کریم کو اطمینان دلایا ہے کہ وہ اللہ جو بے شمار برکتوں والا ہے، اگر چاہتا تو کفار جو کچھ بیان کرتے ہیں اس سے کہیں بہتر دنیاوی نعمتیں آپ کو عطا کرتا، ایسے باغات دیتا جن کے نیچے نہریں جاری ہوتیں، اور ایک محل کیا آپ کو بہت سے محل دیتا، لیکن اس نے آپ کے لیے ایسا نہیں چاہا، اس لیے کہ یہ دنیا آپ کے لیے عیش و آرام کی جگہ نہیں ہے، اور اس لیے بھی کہ کوئی اگر آپ پر ایمان لائے تو اس لیے کہ آپ واقعی اللہ کے رسول ہیں اس لیے نہیں کہ آپ کے اس مال کثیر اور محلات و قصور ہیں۔

آیت (11) میں ان کے کفر و سرکشی کی علت یہ بتائی گئی کہ چونکہ وہ بعث بعد الموت پر ایمان نہیں رکھتے، اسی لیے قرآن کریم اور آپ کی تکذیب کرتے ہیں اگر آخرت پر ان کا ایمان ہوتا تو وہاں کے عذاب سے بچنے اور جنت کی نعمتوں کے حصول کی فکر کرتے، اور آخرت کی تکذیب کرنے والوں کا ٹھکانا اللہ نے جہنم کی بھڑکتی ہوئی آگ بنائی ہے جو جہنمیوں کو دور سے ہی دیکھ کر شدید غضبناک ہوجائے گی اور انہیں اپنی گرفت میں لینے کے لیے چیخنے لگے گی، جسے سن کر جہنمی کانپ اٹھیں گے، اور جب جہنمیوں کے ہاتھ اور پاؤں ان کی گردنوں کے ساتھ زنجیروں سے جکڑ کر جہنم کی ایک تنگ جگہ میں پھینک دیئے جائیں گے، تو مارے حسرت و یاس کے پکاریں گے کہ اے ہماری ہلاکت تو کہاں ہے، آ، ہمیں ہلاک کردے تاکہ اس عذاب سے چھٹکارا پا لیں۔ تو ان کے حزن و ملال اور غم و اندوہ کو مزید بڑھانے کے لیے ان سے کہا جائے گا کہ ایک ہی نہیں بہت سی ہلاکتوں کو پکارو۔ آج تم جس رسوا کن عذاب میں مبتلا ہو وہ اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ تم بہت ساری ہلاکتوں کو اس سے نجات پانے کے لیے دعوت دو۔

آیت (15) میں اللہ تعالیٰ نے کافروں کو ڈانٹ پلاتے ہوئے اپنے رسول کی زبانی کہا کہ یہ بھڑکتی ہوئی آگ اور زنجیروں سے جکڑے ہوئے حال میں تمہارا اس میں ڈالا جانا بہتر ہے، یا ہمیشہ کی وہ جنت جس کا اللہ نے اپنے اہل تقوی بندوں سے وعدہ کر رکھا ہے جو ان کے ایمان و عمل صالح کا بدلہ ہوگا اور جو ان کا ابدی ٹھکانا ہوگا وہاں وہ جس چیز کی بھی خواہش کریں گے، انہیں فورا ملے گی، یہ اللہ کا وعدہ ہے جو پورا ہو کر رہے گا۔

حجم الخط:
شارك الصفحة
فيسبوك واتساب تويتر تليجرام انستجرام
. . .
فضلًا انتظر تحميل الصوت