(6) نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو مخاطب کر کے کہا جا رہا ہے کہ اے میرے نبی ! ہم نے آپ کو اللہ کے لئے وحدانیت اور کمال مطلق کی گواہی دینے والا بنا کر بھیجا ہے، یعنی آپ نے دنیا والوں کے سامنے اس بات کا اعلان کردیا کہ اللہ کی ذات یکتا، ہر عیب سے پاک اور ہر اعتبار سے کامل ہے اور ہم نے آپ کو آپ کی امت کے لئے اس بات کی گواہی دینے والا بنا کر بھیجا ہے کہ آپ نے اپنے رب کا دین ان تک پہنچا دیا اور آپ ایمان اور تقویٰ والوں کو جنت کی بشارت دینے والے اور اہل کفر و معاصی کو عذاب جہنم سے ڈرانے والے ہیں۔
اے مومنو ! ہم نے انہیں اس لئے بھیجا ہے تاکہ تم اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ اس کے دین کی تائید اور اس کا دفاع کرو ذات باری تعالیٰ کی تعظیم کرو، اس کی وحدانیت کا اقرار کرو اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ، اور صبح و شام اس کی پاکی بیان کرتے رہو۔