(2) کافر انسان جو بعث بعد الموت اور قیامت پر ایمان نہیں رکھتا تھا، جب زمین کو نہایت شدت کے ساتھ ہلتا دیکھ گا تو مارے حیرت و دہشت کے کہے گا کہ آج اسے کیا ہوگیا ہے لیکن مومن انسان ایسا سوال نہیں کرے گا اس لئے کہ اس کا تو ایمان تھا کہ جب قیامت آئے گی تو زمین نہایت شدت کے ساتھ ہلا دی جائے گی۔
اس دن زمین پر انسانوں نے جو بھی عمل خیر و شرک کیا ہوگا زمین اس کی گواہی دے گی اور ایسا وہ ایسے رب کے حکم کی تعمیل میں کرے گا اور اس کی ہرگز نافرمانی نہیں کرے گی۔
احمد، ترمذی، نسائی اور حاکم وغیرہ نے ابوہریرہ (رض) سے روایت کی ہے کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے (یومئذ تحدث اخبارھا) پڑھا اور کہا: کیا تم لوگ جانتے ہو کہ زمین کی خبریں کیا ہیں؟ صحابہ نے کہا: اللہ اور اس کے رسول زیادہ جانتے ہیں تو آپ نے فرمایا: اس کی خبریں یہ ہیں کہ وہ ہر بندے اور بندی کے بارے میں ان اعمال کی گواہی دے گی جو اس نے زمین پر کیا تھا یہی اس کی خبریں ہیں۔