12۔ سلیمان (علیہ السلام) نے ہدہد کی بات سن کر کہا، میں تمہارے امتحان لے کر دیکھوں گا کہ تم نے سچ بات کہی یا اپنی جان بچانے کے لیے میرے سامنے ایک جھوٹ گھڑ کر بیان کردیا ہے۔ میرا یہ خط لے کر جاؤ اور ان کے سامنے ڈال دو، اور پھر ہٹ کر چھپ جاؤ اور دیکھو کہ وہ کیا کرتے ہیں۔ چنانچہ ہد ہد نے ایسا ہی کیا، اور ملکہ کی گود میں خط ڈال دیا، ملکہ نے خوفزدہ ہو کر اسے پڑھا اور اپنے دربار کے خاص لوگوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ میرے پاس ایک بہت ہی لائق احترام خط بھیجا گیا ہے، یہ خط سلیمان کی جانب سے ہے، اور اس کی ابتدا اس اللہ کے نام سے ہے جو بے حد رحم کرنے والا نہایت مہربان ہے، اور اس کا مضمون یہ ہے کہ تم لوگ بادشاہوں کے عام طریقے کے مطابق کبر و نخوت سے کام نہ لو، اکڑو نہیں، اور جو دین دے کر میں بھیجا گیا ہوں، اس پر ایمان لاؤ اور میرے دربار میں حاضر ہوجاؤ۔