(6) اس دن اللہ تعالیٰ مخلوق کے درمیان فیصلہ کرے گا اور جہنم کی آگ تیز کردی جائے گی جو سرکشوں کے شدید انتظار میں تھی اور جو ان کا ٹھکانا بنے گی اور جس میں وہ ہمیشہ کیلئے رہیں گے جب ایک زمانہ گذرے گا تو دوسرا زمانہ شروع ہوجائے گا اور ان کا عذاب کبھی ختم نہیں ہوگا واحدی نے حسن بصری سے " احقابا" کی یہی تفسیر روایت کی ہے اور جہاں انہیں کوئی ایسی ٹھنڈی چیز نہیں ملے گی جو آگ کی گرمی کو کم کرسکے اور نہ کوئی ایسی پینے کی چیز ملے گی جو ان کی پیاس بجھا سکے، انہیں پینے کے لئے شدید گرم پانی اور اہل جہنم کے جسموں کی پیپ ملے گی، انہوں نے دنیا میں جو جرائم اور برے اعمال کئے تھے ان کا انہیں پورا پورا بدلہ دیا جائے گا، اللہ ان پر ظلم نہیں کرے گا بلکہ وہ اپنے حق میں خود ہی ظالم تھے۔