(7) (قذانزل اللہ الیکم ذکرا) میں " ذکر" سے مراد اکثر مفسرین کے نزدیک " قرآن کریم" ہے اور آیت (11) میں " رسولا" فعل محذوف " ارسلنا" کا مفعول ہے، اور اس سے مراد نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ہیں اور مقصود مسلمانوں کو اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم یاد دلانا ہے کہ اس نے ان کی ہدایت کے لئے قرآن کریم نازل فرمایا اور نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو مبعوث کیا جو قرآن کی صریح آیتوں کی تلاوت کرتے ہیں ان کا مفہوم و معنی بیان کرتے ہیں اور صراط مستقیم پر چلنے کی دعوت دیتے ہیں، تاکہ ایمان لانے والوں اور عمل صالح کرنے والوں کو کفر و شرک اور معاصی کی ظلمتوں سے نکال کر اسلام کی رشنی میں لاکھڑا کردیں۔ آیت (11) کے دوسرے حصہ میں جس کی ابتدا (ومن یومن باللہ ویعمل صالحاً) سے ہوتی ہے، اللہ تعالیٰ نے ایمان اور عمل صالح والوں سے وعدہ کیا ہے کہ وہ انہیں ایسی جنتوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں جاری ہوں گی، ان جنتوں میں وہ ہمیشہ رہیں گے اور وہاں انہیں بہت ہی عمدہ روزی عطا کرے گا جو کبھی منقطع نہیں ہوگی۔