(2) اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ یہ کتاب اس اللہ کی طرف سے نازل کردہ ہے، جو اپنی تمام مخلوقات پر غالب ہے، کوئی بھی اس کے کسی ارادے اور حکم میں مداخلت کرنے کی قدرت نہیں رکھتا ہے اور وہ بڑا علم والا ہے، اپنی مخلوقات ان کی نیتوں ان کے اعمال اور ان کی ضروریات کو خوب بہتر جانتا ہے، وہ مغفرت چاہنے والوں کے گناہ معاف کردیتا ہے، توبہ کرنے والوں کی توبہ قبول کرتا ہے، نافرمانوں اور کافروں کو سخت ترین سزا دینے پر قادر ہے، اور مخلوقات پر خوب انعام و احسان کرنے والا ہے، اس کے سوا کوئی معبود نہیں ہے، روز قیامت سب کو اسی کے پاس لوٹ کر جانا ہے۔