12 اوپر کی آیتوں میں مختلف الانواع دلائل کے ذریعہ یہ بات ثابت کردی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ ہی سب کا رب ہے اور وہی عبادت کی تمام قسموں کا تنہا حقدار ہے اور اس نے بنی نوع انسان کو صرف اپنی عبادت کے لئے پیدا کیا ہے، لیکن اس سے کسی کو اس غلط فہمی میں نہیں پڑتا چاہئے کہ وہ اپنے بندوں کی عبادتوں کا محتاج ہے، اسی بات کی وضاحت کے لئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اے لوگو ! تم اپنی زندگی کے ہر لمحہ اور سانس میں اس کی رحمت، لطف و کرم اور اس کی مدد کے محتاج ہو، اور وہ تو سب سے بے نیاز اور تمام تعریفوں کا حقیقی مستحق ہے۔
اس کی بے نیازی اور قادر مطلق ہونے کی دلیل یہ ہے کہ اگر وہ چاہے تو تمہیں اس دنیا سے فنا کر دے اور تمہاری جگہ کسی اور مخلوق کو لے آئے اور یہ کام اس کے لئے نہایت ہی آسان ہے۔