(6) قرآن کریم کے عام قاعدہ کے مطابق ترہیب کے بعد ترغیب اور اہل جہنم کا بدترین انجام بیان کرنے کے بعد اب جنت اور اہل جنت کا ذکر کیا جا رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اس سے ڈرنے والے ایسے باغات اور چشموں کے درمیان ہوں گے جن کی خوبیاں الفاظ میں بیان نہیں کی جاسکتی ہیں۔ ان کا رب انہیں اپنی ان بخششوں اور نوازشوں سے انہیں اس لئے نوازے گا کہ وہ اپنی دنیا کی زندگی میں بڑے ہی اچھے لوگ تھے، اپنے رب کے اوامر کی پابندی کرتے تھے اور نواہی سے بچتے تھے، راتوں کو کم سوتے تھے، یعنی رات کا اکثر حصہ نماز تہجد میں گذارتے تھے، اور جب صبح کے وقت اٹھتے تھے تو نیند کی قلت اور نماز تہجد کی کثرت کے باوجود، انہیں احساس ہوتا تھا کہ جیسے ان کے گناہ اور جرائم بہت ہیں، اسی لئے توبہ اور استغفار میں لگ جاتے تھے اور اپنے مال میں مانگنے والے اور نہ مانگنے والے محتاجوں اور فقیروں کا حق سمجھتے تھے۔
قتادہ کہتے ہیں کہ " سائل" سے مراد وہ محتاج ہے جو ہاتھ پھیلا کر مانگتا ہے، اور " محروم" سے مراد وہ ہے جو کسی سے اپنی حاجت بیان نہیں کرتا ہے، اس لئے لوگ اسے مالدار سمجھ کر کچھ نہیں دیتے ہیں۔
ابن ابی حاتم نے ابن عباسرضی اللہ عنہما سے روایت کی ہے کہ اہل تقویٰ فرض زکاۃ ادا کرنے کے بعد بھی اپنے مال میں محتاج و محروم مسلمانوں کا حق سمجھتے ہیں، صلہ رحمی کرتے ہیں، میزبانی کرتے ہیں اور پریشان حال لوگوں کی ضرورت پوری کرتے ہیں۔