(3) ان آیات کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کی صداقت و حقانیت پر اس آسمان کی قسم کھائی ہے جس سے وہ انسانوں اور دیگر حیوانات کی زندگی اور بقا کے لئے بارش بھیجتا رہتا ہے اور اس زمین کی قسم کھائی ہے جس میں وہ مختلف الانواع پودے اگاتا رہتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ بے شک قرآن کریم اس کا کلام ہے جو حق و باطل کے درمیان تفریق کرتا ہے اور برملا اعلان کرتا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی بندگی کے لائق نہیں اور محمد اللہ کے رسول ہیں اور قیامت کی آمد امر یقینی ہے مزید تاکید کے طور پر اللہ نے فرمایا کہ یہ قرآن کوئی باطل اور لغو کلام نہیں ہے جس کی کوئی غرض و غایت نہ ہو۔