(5) جبریل (علیہ السلام) جب نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے اتنے قریب آگئے تب انہوں نے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) تک اللہ کی وحی پہنچائی دوسرا قول یہ ہے کہ اللہ نے اپنے بندے جبریل (علیہ السلام) کو وحی کی۔ تیسرا قول یہ ہے کہ اللہ نے اپنے بندے محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو وحی کی، یعنی بذریعہ جبریل وحی کی۔
مفسرین لکھتے ہیں کہ آیت میں " وحی" کو مبہم رکھا گیا ہے، یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ وہ کیا بات تھی جس کی وحی کی گئی، اس لئے بہتر یہی ہے کہ اپنی طرف سے اس کی تفسیر نہ بیان کی جائے، البتہ اتنی بات سمجھ میں آتی ہے کہ وہ کوئی بڑی ہی ذی شان بات تھی جو احاطہ بیان سے باہر ہے۔