(22) مرد مومن نے دعوت و تبلیغ کے لئے اپنی کوشش جاری رکھتے ہوئے کہا: اے میری قوم کے لوگو ! میں نے جس دین کو قبول کرلیا ہے اسے تم لوگ بھی قبول کرلو، میں تمہیں اس راہ پر لے چلوں گا جو جنت کی راہ ہے۔ اے میری قوم کے لوگو ! یہ دنیاوی زندگی چند روزہ ہے، جسے بہرحال ختم ہوجانا ہے، اور آخرت کی زندگی جو اس زندگی کے بعد آنے والی ہے، وہی درحقیقت ابدی امن و استقرار اور سکون و راحت کی زندگی ہے، اس لئے تمہیں اس ابدی راحت و سکون والی زندگی کو کامیاب بنانے کی کوشش کرنی چاہئے اور یاد رکھو کہ حساب کا دن بہت ہی قریب ہے اور جو شخص اس دنیا میں برائی کرے گا تو اسی کے برابر اسے سزا ملے گی اور جو لوگ (مرد ہوں یا عورتیں) اللہ اور اس کے رسول پر ایمان رکھتے ہوئے عمل صالح کریں گے، وہ جنت میں داخل ہوں گے جہاں انہیں بغیر ادنیٰ پریشانی کے ان گنت نعمتیں اور بے شمار روزی ملے گی۔