(10) موسیٰ (علیہ السلام) کو دیئے گئے دوسرے معجزے کا ذکر ہے۔ حافظ ابن کثیر کہتے ہیں کہ اس آیت کریمہ میں جناح سے مراد گریبان ہے، جیسا کہ اس کی صراحت دوسری آیتوں میں آئی ہے، ان کی مراد سورۃ النمل کی آیت (12) (وادخل یدک فی جیبک) اور سورۃ القصص کی آیت (32) (اسلک یدک فی جیبک تخرج بیضا من غیر سوء) ہے، ان دونوں آیتوں میں جیب (گریبان) کی صراحت کی گئی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے موسیٰ (علیہ السلام) سے فرمایا کہ آپ اپنا ہاتھ اپنے گریبان میں ڈال کر نکالیے، وہ بغیر برص کی بیماری کے خوبصورت چمکتا ہوا ہوگا۔ یہ آپ کی نبوت کی صداقت پر دلالت کرنے والا دوسرا معجزہ ہوگا۔ اور حق تو یہ تھا کہ یہ دونوں نشانیاں فرعون کے سامنے ظاہر کی جاتیں، لیکن ہم نے آپ کو پہلے ہی اس لیے دکھا دیا ہے تاکہ آپ کا دل مضبوط ہو اور فرعون کا چیلنج قبول کرتے وقت اطمینان رہے کہ آپ کے پاس ہمارے عطا کردہ معجزات ہیں جن کے ظاہر ہوتے ہی اس کا مکر و فریب سب پر عیاں ہوجائے گا، اور آپ غالب ہوں گے۔