(38) ان برے جانشینوں میں سے جو لوگ تائب ہوجائیں گے نماز کی حفاظت کریں خواہشات کی غلام ترک کردیں گے، اور عمل صالح کی زندگی اختیار کریں گے، اللہ تعالیٰ انہیں ان کے سلف صالحین کے ساتھ جنت میں داخل کرے گا اور ان کے اعمال صالحہ کا معمولی سا اجر بھی ضائع نہیں کرے گا اس لیے کہ توبہ تمام سابقہ گناہوں کو ختم کردیتی ہے اور وہ جن جس میں وہ لوگ داخل ہوں گے اس کا نام جنت عدم ہے، جس کا وعدہ اللہ تعالیٰ نے اپنے ان بندوں سے کر رکھا ہے جو اس ذات برحق پر بے دیکھے ایمان رکھتے ہیں۔ مزید تاکید کے طور پر اللہ نے فرمایا کہ اللہ کا یہ وعدہ پورا ہو کر رہے گا، اس میں شک کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے، اور اس جنت میں رہنے والے جنتی کوئی فضول اور لغو بات نہیں سنیں گے، بلکہ فرشتے انہیں سلام کریں گے، یا آپس میں ایک دوسرے کو سلام کیا کریں گے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے سورۃ الواقعہ آیات (25، 26) میں فرمایا ہے: (لا یسمعون فیھا لغوا ولا تاثیما۔ الا قیلا سلما سلما) نہ وہاں بکواس سنیں گے اور نہ گناہ کی بات، صرف سلام ہی سلام کی آواز ہوگی، اور ہر کھانے کے وقت ان کا من چاہا کھانا انہیں ملتا رہے گا۔