(15) مسلم، ابوداؤد، ترمذی اور نسائی وغیرہم نے انس (رض) سے روایت کی ہے کہ حدیبیہ کے دن مکہ کے اسی (80) آدمی ہتھیار کے ساتھ جبل تنعیم کی طرف سے اچانک آدھمکے، اور نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو نقصان پہنچانا چاہا، لیکن وہ پکڑ لئے گئے، بعد میں رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے انہیں معاف کر کے آزاد کردیا۔ اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے اسی واقعہ کی طرف اشارہ کر کے مسلمانوں پر احسان جتایا ہے کہ اس نے مشرکوں کو تمہیں ایذا پہنچانے سے باز رکھا، اور تمہیں ان سے مسجد حرام کے پاس جنگ کرنے سے روکا اور صلح کے لئے حالات ساز گار کئے جو نتائج کے اعتبار سے مسلمانوں کیلئے بہت ہی مفید رہی۔