فهرس الكتاب

الصفحة 2518 من 6343

(10) اللہ تعالیٰ مشرک اور کافر قوموں کو ان کے کفر و معاصی کی وجہ سے ہلاک کردیتا ہے، یہ دلیل ہے کہ آسمان و زمین اور ان کے درمیان پائی جانے والی مخلوقات کو اس نے بے کار اور عبث نہیں پیدا کیا ہے، بلکہ ان تمام کی تخلیق کا مقصد یہ ہے کہ اس کے بندے اس کی گوناگوں نعمتوں سے بہرہ ور ہوں، اس کا شکر ادا کریں اور اسے یاد کرتے رہیں، اسی لیے جو قومیں اس کے ذکر و شکر سے روگردانی کرتی ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں عذاب میں مبتلا کردیتا ہے۔

آیت (17) میں گزشتہ مضمون کی تاکید ہے، اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اگر ہم لہو و لعب کی نیت سے کسی کو اپنی بیوی اور کسی کو اپنا بیٹا بناتے، جیسا کہ مشرکین عرب کہا کرتے ہیں کہ اللہ نے جن سے ازدواجی تعلق قائم کیا تو فرشتے اس کی بیٹیاں پیدا ہوئیں، اور جیسا کہ نصاری کہتے ہیں کہ اللہ نے مریم کو اپنی بیوی بنا لیا جس سے عیسیٰ پیدا ہوئے، اگر ہم بفرض محال ایسا چاہتے تو حوروں اور ہماری عبادت میں مشغول فرشتوں کو اپنی اولاد بنا لیتے، لیکن ہم نے ایسا نہیں چاہا، اور نہ ہمارے لیے یہ بات مناسب ہے، ہم تو آسمان و زمین اور ان کے درمیان کی ہر چیز کے مالک ہیں سب ہمارے غلام ہیں، کیا کبھی کوئی آدمی اپنی باندی کو بیوی اور غلام کو بیٹا بنا لیتا ہے، جب انسان ایسا نہیں کرتا ہے تو خالق کائنات کے بارے میں ایسی بات کیوں کر سوچی جاتی ہے؟

آیت (18) میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ قرآن کریم میں مذکور دلائل و براہین کے ذریعہ یہ باطل عقائد و نظریات پاش پاش ہوجاتے ہیں، اس لیے اے مشرکین مکہ ! اگر تم قرآن کریم کے نزول کے بعد بھی شرک باللہ سے باز نہیں آتے ہو تو تم اپنی بردباری و بتاہی کا انتظار کرو۔

آیات (19، 20) میں گزشتہ مضمون کی تاکید ہے کہ جو باری تعالیٰ آسمان و زمین کی تمام موجودات کا مالک ہے، وہ اس سے بالکل بے نیاز ہے کہ اس کی بیوی یا اس کا کوئی لڑکا ہو، تمام فرشتے اس کی عبادت میں مشغول رہتے ہیں نہ اس کی عبادت کا انکار کرتے ہیں اور نہ ہی اس سے تھکتے ہیں، شب و روز اس کی تسبیح پڑھتے رہتے ہیں، جس طرح آدمی ہر حال میں سانس لیتا رہتا ہے، اور ہر لمحہ اس کی پلک جھپکتی رہتی ہے، اور جب تک زندہ رہتا ہے کبھی بھی ان دونوں کاموں سے نہیں تھکتا، اسی طرح فرشتے ہر حال میں تسبیح پڑھتے رہتے ہیں۔ ایک لمحہ کے لیے بھی انقطاع نہیں ہوتا، اور یہ بات ان کے لیے ایسا امر طبیعی ہے کہ کبھی بھی اس سے تھکن نہیں محسوس کرتے۔

حجم الخط:
شارك الصفحة
فيسبوك واتساب تويتر تليجرام انستجرام
. . .
فضلًا انتظر تحميل الصوت