(16) داؤد (علیہ السلام) پر اللہ کا ایک انعام یہ بھی تھا کہ اس نے انہیں سلیمان (علیہ السلام) جیسا بیٹا عطا کیا، جو انہی کی طرح نبی ہوئے، جیسا کہ اللہ نے سورۃ النمل (آیت(61) میں فرمایا ہے: (وورث سلیمان داؤد) " سلیمان نبوت میں اپنے باپ داؤد کے وارث بن کر آئے۔" سلیمان (علیہ السلام) کا ذکر خصوصی طور پر نبی ہونے کی وجہ سے ہی ہوا ہے ورنہ داؤد (علیہ السلام) کے ان کے علاوہ بھی بیٹے تھے اللہ تعالیٰ نے سلیمان (علیہ السلام) کے بارے میں فرمایا کہ وہ اپنے رب کے بہت اچھے بندہ تھے، اس لئے کہ کثرت سے ذکر الٰہی اور طلب مغفرت میں مشغول رہتے تھے۔