(26) جو لوگ کفر و شرک کا ارتکاب کر کے اپنے آپ پر ظلم کرتے ہیں، انہیں اللہ تعالیٰ روز قیامت سے پہلے دنیا میں بھی عذاب دیتا ہے اور اس سے مراد یا تو عذاب قبر ہے، یا قحط سالی، یا دیگر حوادث و مصائب زمانہ جو ان کی جان اور مال کو لاحق ہوتے ہیں، لیکن ان میں سے اکثر لوگوں کی مسجھ میں یہ بات آتی ہی نہیں کہ ان جیسے اہل فسق و فجور کے بارے میں ہمیشہ سے اللہ کی یہی سنت رہی ہے، اسی لئے ٹھوکریں لگنے کے باوجود اپنے کفر و شرک پر جمے رہتے ہیں۔