(1) اس آیت کریمہ میں نبی کریم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو خبر دی گئی ہے کہ یہ قرآن کریم اس اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل کردہ ہے جو ہر چیز پر غالب اور اپنے تمام امور میں صاحب حکمت ہے اس کے منزل من اللہ ہونے میں کوئی شک و شبہ نہیں ہے۔ یہ وہ کتاب برحق ہے جس میں توحید و نبوت، آخرت اور دیگر تمام اوامرونواہی بیان کردیئے گئے ہیں۔
اس لئے اے میرے نبی ! آپ صرف اللہ کی عبادت کیجیے جس کا کوئی شریک نہیں اور انسانوں کو بھی اسی بات کی دعوت دیجیے اور انہیں بتا دیجئے کہ رب العالمین کا کوئی مدمقابل نہیں ہے، اس لئے اس کے سوا کسی کی عبادت جرم عظیم ہے۔