(4) اللہ تعالیٰ نے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو حکم دیا کہ ہر وقت اپنے رب کی یاد میں مشغول رہئے۔ تسبیح وتہلیل، تکبیر و تمجید باری تعالیٰ، نماز، تلاوت قرآن کریم اور لوگوں کو اسلام کی تعلیم دینے میں لگے رہئے اور اپنے نفس کو آلائشوں سے پاک کر کے، پورے اخلاص کے ساتھ اپنے رب کی یاد میں لگے رہئے جو مشرق و مغرب کا رب ہے، اس کے سوا کوئی معبود نہیں ہے، اور اپنے تمام امور میں صرف اسی پربھروسہ کیجیے اسکے سواکسی کو اپنا کار ساز نہ مانئے، وہ آپ کے لئے کافی ہوگا اور ہر حال میں آپ کا حامی و ناصر ہوگا اور دعوت کی راہ میں کفارقریش کی جانب سے آپ کو اور آپ کے صحابہ کو جو اذیت پہنچتی ہے، اس پر صبر کیجیے اور ان کی باتوں کا جواب نہ دیجیے۔