(11) گزشتہ آیات میں بعث بعد الموت پر متعدد دلائل پیش کرنے کے بعد، اب قیامت کے دن ان لوگوں کا انجام بیان کیا جا رہا ہے ہے جو ایسی ظاہر و بین حقیقت کا انکار کرتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جب وہ عظیم ترین آفت رونما ہوجائے گی جس کا نام قیامت ہے اور جس کا کفار قریش انکار کرتے ہیں، تو ہر انسان کے سامنے اس کے تمام اعمال پیش کردیئے جائیں گے اور وہ ایک ایک عمل کو یاد کرنے لگے گا اور کافر کو یقین ہوجائے گا کہ یہی وہ دن ہے جس کا وہ انکار کرتا تھا اور جہنم تمام اہل محشر کے سامنے لائی جائے گی، جو جہنمیوں کو اپنا لقمہ بنانے کے لئے اپنے رب کے حکم کی منتظر ہوگی اور جسے دیکھ کر اہل جنت اپنے رب کے احسان کا شکر ادا کریں گے اور اہل جہنم کا غم اور نجات سے ان کی نا امیدی حد سے تجاوز کر جائے گی۔